(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجہ نے قومی کرکٹ ٹیم کے سیمی فائنل میں پہنچنے پر قرآنی آیت شیئر کر دی۔
رمیز راجہ نے ٹوئٹر پر سورۃ انفال کی آیت نمبر 30 شیئر کی جس کا ترجمہ ہے کہ '(اِدھر تو) وہ چال چل رہے تھے اور (اُدھر) اللہ چال چل رہا تھا، اور اللہ سب سے بہتر چال چلنے والا ہے'۔
رمیز راجہ نے یہ ٹوئٹ بغیر کسی کیپشن کے شیئر کی جبکہ ٹوئٹر پر مداحوں کی بڑی تعداد نے چیئرمین پی سی بی کو قومی ٹیم کی اس کامیابی پر مبارکباد پیش کیں۔
— Ramiz Raja (@iramizraja) November 6, 2022
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے اتوار کے روز ایڈیلیڈ میں کھیلے جانے والے میچ میں بنگلادیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
اس سے قبل نیدرلینڈز نے جنوبی افریقا کو 13 رنز سے اپ سیٹ شکست دی جس نے پاکستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی راہ ہموار کی۔
گروپ 2 سے بھارت اور پاکستان جبکہ گروپ ون سے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔