عمران خان پر قاتلانہ حملہ؛اقوامِ متحدہ کا آئی جی پنجاب کے حوالے سے بڑا بیان

6 Nov, 2022 | 02:54 PM

M .SAJID .KHAN

(ویب ڈیسک) اقوامِ متحدہ کی جانب سے آئی جی پنجاب پولیس فیصل شاہکار کی کارکردگی کا اعتراف، پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے عمران خان قاتلانہ حملہ کیس کے تناظر میں فیصل شاہکار کی کارکردگی پر سوالات اُٹھا دیئے۔

  اقوامِ متحدہ نے آئی جی پنجاب پولیس فیصل شاہکار کی کارکردگی کا اعتراف کیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے عمران خان قاتلانہ حملہ کیس کے تناظر میں فیصل شاہکار کی کارکردگی پر سوالات اُٹھا دیئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیرِاعلیٰ پنجاب سے آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ سابق وزیر خارجہ اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی و دیگر نے بھی فیصل شاہکار کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ 5 روز قبل 31 اکتوبر کو سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اقوامِ متحدہ نےفیصل شاہکار کو اقوامِ متحدہ کا پولیس ایڈوائزر مقرر کئے جانے کا اعلان کیا ہے اور قرار دیا ہے کہ فیصل شاہکار کا تقرر پاکستان و اقوامِ متحدہ میں 30 سالہ خدمات کے نتیجے میں کیا گیا ہے، فیصل شاہکار اپنے تجربے سے درپیش چیلنجز کا مقابلہ کریں گے۔

مزید برآں فیصل شاہکار کا یو این اور پاکستان میں تجربہ یو این پولیسنگ تجربہ کو تقویت دے گا جبکہ ذرائع اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق فیصل شاہکار جلد اقوامِ متحدہ میں عہدے کا چارج سنبھالیں گے اور تقرری کے ضمن میں باضابطہ نوٹی فکیشن جلد جاری کیا جائے گا۔

یہاں یہ امر قابلِ ذکر کہ وزارتِ خارجہ نے فیصل شاہکار کے یو این میں پولیس ایڈوائزر انتخاب کا خیر مقدم کیا ہے جبکہ وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو نے فیصل شاہکار کا انتخاب پاکستان کے لئے بڑا اعزاز قرار دیا ہے اور اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ فیصل شاہکار کا سلیکشن عالمی امن کے لئےپاکستانی کوششوں کا اعتراف ہے۔

مزیدخبریں