ویب ڈیسک:ملک کے بیشتر حصوں سمیت اسلام آباد اور گردو نواح میں گرج چمک کے ساتھ آندھی اور بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ وفاقی دارالحکومت میں آسمانی بجلی گرنے سے درخت بھی جل گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات وقفے وقفے سے لاہور میں بھی آندھی اور بادلوں کی گرج چمک کا سلسلہ جاری رہا جبکہ جہلم، شیخوپورہ اور گوجرانوالہ سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی رم جھم برستی رہی۔
اس کے علاوہ پشاور اور چارسدہ میں بارش اور ژالہ باری سے سردی میں اضافہ ہو گیاجبکہ سوات کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری وقفے وقفےسے جاری ہے، بابوسرٹاپ اور نانگاپربت پر برفباری سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی، جیکب آباد، سکھر، لاڑکانہ، دادو سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں 10 نومبرکی شام کو ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔