نیدرلینڈز کا جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف

6 Nov, 2022 | 08:00 AM

ویب ڈیسک:آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو جیت کے لیے 159 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ہدف کے تعاقب میں پروٹیز کی بیٹنگ جاری ہے۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جارہے گروپ ٹو کے میچ میں جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیدرلینڈز کے اوپنرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ پیش کیا، اسٹیفن مائیبرگ 37 رنز، ٹام کوپر 35 اور میکس او ڈاؤڈ 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

تین کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے بعد آخر میں کولن ایکرمین  ٹیم کو سہارا دیتے ہوئے 26 گیندوں پر 41 رنز کی عمدہ اننگ کھیلتے ہوئے ناقابل شکست رہے۔اسی طرح نیدرلینڈز نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے اور پروٹیز ٹیم کو 159 رنز کا ہدف دیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے کیشو مہاراج نے 2، ایڈن مرکرم اور اینریچ نورجے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

آج کے میچ میں کامیابی کی صورت میں جنوبی افریقہ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی، میچ میں بارش یا نیدرلینڈز نے کوئی اپ سیٹ کردیا تو پاکستان اور بنگلادیش کے میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنا لے گی۔گروپ ٹو کے دوسرے میچ میں آج پاکستان اور بنگلادیش کی ٹیمیں صبح 9 بجے مدمقابل ہوں گی۔

آج کے دن ہی گروپ ٹو کا تیسرا میچ بھارت اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا جہاں بھارت کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے یہ میچ لازمی جیتنا ہوگا۔اگر بھارت کو زمبابوے کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تو اس صورت میں پاکستان یا بنگلادیش میں سے جیتنے والی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ جائے گی۔

پاکستان کا رن ریٹ بھارت سے بہتر ہے جبکہ بنگلادیش کی ٹیم 1.27- کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔بظاہر بنگلادیشی ٹیم کے لیے بھارت کی ہار کے بعد بھی صورت حال مشکل ہے، اس لیے اس کا زیادہ انحصار جنوبی افریقہ کی شکست پر ہوگا۔

مزیدخبریں