ویب ڈیسک : ایشیا کے امیرترین اور دنیا کی 10 امیر ترین شخصیات میں شامل بھارتی شہری مکیش امبانی نے لندن اور بھارت دونوں جگہوں پر رہنے کی تیاری کرلی۔
رپورٹ کے مطابق ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کے چئیرمین مکیش امبانی اور ان کے خاندان نے لندن اور ممبئی میں چھ چھ ماہ رہائش اختیار کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں ۔ امبانی خاندان نے بکنگم شائر اسٹوک پارک میں ایک ہزار کروڑ روپے میں 300 ایکڑ جگہ کا سودا کیا ہے جہاں ممکنہ طور پر کنٹری کلب بنایا جائے گا تاہم اس میں امبانی خاندان کے لئے بھی 45 بیڈرومز پر مشتمل گھر بنے گا۔ پراپرٹی پر ایک جدید ترین اسپتال بھی قائم کیا جارہا ہے ۔
رپورٹ کےمطابق امبانی خاندان کورونا وبا کے دوران خوف کا شکار رہا اورلاک ڈاؤن کا عرصہ انہوں نے جام نگر میں بسر کیا۔اب امبانی خاندان ممبئی کی الٹا ماؤنٹ روڈ پرواقع 4 لاکھ مربع فٹ پر بنے گھر '' اینیٹلیا'' اور لندن اسٹوک پارک میں سال کا آدھا آدھا عرصہ گذاریں گے۔ دوسری طرف ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ امبانی فیملی لندن یا دنیا بھر میں کسی بھی جگہ پر رہائش پذیر ہونے کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتی۔ لندن بسنے کی خبر بے بنیاد افواہ ہے۔
مکیش امبانی ریلائنس انڈسٹریز کے چیئرمین ہیں اور ان کی دولت کی تخمینہ لگ بھگ 76 ارب ڈالر ہے۔ ان کے گروپ کا مرکزی کام آئل ریفائننگ ہے تاہم اُنھوں نے کئی دوسرے شعبوں بشمول ریٹیل اور ٹیلی کام میں بھی بھاری سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔ اور اب انہوں نے ہائڈروجن فیول میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔