( رضوان نقوی ) کسٹمز اینٹی سمگلنگ نے شدید نوعیت کی مزاحمت ناکام بناکر سمگلر بالی کاکڑ کے اسمگل شدہ ٹائرز کی بھاری کھیپ لے کر لاہور آنے والا کنٹینر تحویل میں لے لیا، دو کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ٹائرز برآمد کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
کلکٹر کسٹمز باسط مقصود عباسی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرکے سمگلر بالی کاکڑ کے سمگل شدہ ٹائرز کی بھاری کھیپ لے کر کوئٹہ سے لاہور آنے والا کنٹینر کو تحویل میں لے لیا گیا۔ بالی کاکڑ کے کنٹینر کے ساتھ گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے کنٹینر چھڑانے کیلئے کسٹمز اینٹی سمگلنگ کی ٹیم پر فائرنگ بھی کی، تاہم کسٹمز کی ٹیم نے مزاحمت ناکام بنا کر کنٹینر اپنے ویئر ہاؤس منتقل کردیا۔
سمگلرز کی مزاحمت سے کسٹمز کی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اسسٹنٹ کلکٹر کسٹمز علی توقیر، انسپکٹر عبدالرحمٰن بٹ، ناصر سعید، اصغر پوریوال اور عبدالحمید بھٹی کسٹمز کی ٹیم میں شامل تھے۔ کسٹمز اینٹی سمگلنگ کی ٹیم نے کنٹینر میں سوار دو افراد کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ کسٹمز حکام کے مطابق تحویل میں لئے گئے ٹائرز اور گاڑی کی مالیت 3 کروڑ روپے سے زائد ہے۔