(سٹی 42 ) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پائلٹس کے لائسنسز کے اجراءسے متعلق اہم فیصلہ کرلیا۔ پائلٹس کے لائسنسز کا اجراءبائیو میٹرک کے ذریعے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پائلٹس کے امتحان سے قبل رجسٹریشن بھی بائیو میٹرک سے مشروط کردی گئی ہے۔ کپتان کے امتحان سے قبل فلائنگ کلب یا ائیرلائن سے اجازت نامہ بھی لازمی قرار دے دیا گیا۔امتحان دیتے وقت کمپیوٹر سسٹم آن کر نے سے قبل بائیو میٹرک سے تجدید لازمی قرار دے دی گئی،تجدید کے بعد سسٹم آن ہوگا اور پائلٹ امتحان دے سکے گا۔
لائسنس کے لیے بائیو میٹرک سسٹم نادرا سے لنک کردیا گیا ہے۔ سی اے اے لائسنس برانچ نے کراچی میں جدید کمپیوٹر سسٹم نصب کر دیئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں بھی کمپیوٹر سسٹم تبدیل کیے جارہے ہیں۔ امتحان کے شیڈول سے تین ہفتے قبل امیدوار کو رجسٹرڈ کرانا لازمی ہوگا۔ سی اے اے کی جانب سے ہوابازی کی عالمی تنظیم اکاؤ کے تحفظات کے بعد پائلٹس کے لائسنس میں ریویو کیا گیا ہے۔
بورڈ آف انکوائری نے 12 لاکھ کمپیوٹر لاگ کی فارنزک آڈٹ مکمل کر لی ہے۔سی اے اے نے نئے پائلٹس لائسنس کے اجراءپر پابندی عائد کی ہوئی ہے۔ ہوابازی کی عالمی تنظیم اکاو کے تحفظات ختم ہوتے ہی نئے لائسنس کا اجراءبھی شروع کر دیا جائے گا۔