( ریحان گل ) سرکاری کالجز کی سینئر خواتین اساتذہ کے لئے اچھی خبر، محکمہ ہائر ایجوکیشن نے 105 خواتین اساتذہ کو گریڈ 20 میں ترقی دینے کا فیصلہ کرلیا۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے گریڈ 19 کی 105 ایسوسی ایٹ پروفیسرز کو گریڈ 20 میں پروفیسرز کے عہدے پر ترقی دینے کی سفارشات تیار کرلی ہیں۔ سمری حتمی منظوری کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے حتمی منظوری دئیے جانے کے بعد ترقی پانے والی خواتین اساتذہ کا پوسٹنگ شیڈول جاری کیا جائے گا۔ ان کی دی گئی ترجیح کے مطابق تبادلے کئے جائیں گے۔
دوسری جانب پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن میں انتظامی بحران شدید ہوچکا ہے۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن میں افسران کے خالی اسامیوں سے کام متاثر ہو رہا ہے۔ رہی سہی کسر بورڈ ممبران کی خالی سیٹوں نے پوری کر دی ہے۔ دو ممبران کی سیٹوں کو 20 دن کے بعد بھی پر نہیں کیا جا سکا ہے۔ کمیشن بورڈ کے دو ممبران نے 18 اکتوبر کو اپنی مدت مکمل کی تھی۔
کوئین میری کالج کی پرنسپل عرفانہ مریم اور سابق وی سی خلیق و الرحمان نے 18 اکتوبر کو بطور ممبر اپنی مدت مکمل کی۔ پی ایچ ای سی میں پہلے سے ہی متعدد افسران کی سیٹیں خالی پڑی ہیں۔ چیئرمین پی ایچ ای سی کا کہنا ہے کہ نئے ممبران کی تعیناتی کیلئے کوششیں جاری ہیں، جلد تعیناتی کا عمل مکمل کرلیں گے۔