ن لیگ نے وزیراعظم کو اناڑی پائلٹ قرار دے دیا

6 Nov, 2020 | 07:08 PM

Azhar Thiraj

(خان سعدیہ) مسلم لیگ ن کے رہنماوں کا کہنا ہے کہ ہر طرف سے ٹھنڈی ہوا اور سازگار ماحول ملا، مگر پھر بھی موجودہ حکومت کا جہاز ٹیک آف نہیں کر رہا کیونکہ پائلٹ اناڑی ہے، بلاول بھٹو سمیت سب جماعتیں پی ڈی ایم کے مقاصد پر متفق اور کاربند ہیں، موجودہ حکومت کے دوسالوں میں ہونے والی مہنگائی کی تاریخ میں مثال نہیں ملت ۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا، ہمارے دور میں سو موٹو ایکشن ہوتے تھے، دھرنے بھی اور سازشیں بھی! اسکے باجود کارکردگی دکھائی، جبکہ اس بدبخت حکمران کو ہر طرف سے ٹھنڈی ہوا ملی، ہر طرح کا سازگار ماحول ملا پھر بھی جہاز رن وے پر کھڑا ہے کیونکہ پائلٹ اناڑی ہے۔

احسن اقبال نے بلاول بھٹو کے تازہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہر جماعت کا اپنا نقطہ نظر ہے، لیکن پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں اس بات پر متفق ہیں کہ تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہیں، ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے، بلاول بھٹو بھی پی ڈی ایم کے مقاصد پر کاربند ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیر اعظم نے حسن ابدال ریلوے سٹیشن کا افتتاح کیا جو ہمارے دور میں بنایا گیا، دو سالوں میں ریلوے کو دس سال پیچھے کر دیا، خسارہ کم کرنے کا دعویٰ کرنے والوں نے ریلوے کا خسارہ بڑھا دیا اور آمدن کم کر دی۔

سابق وزیر خزانہ پنجاب عائشہ غوث پاشہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی دو سالوں میں ہونے والی مہنگائی کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، آٹا، چینی، دالیں اور کھانے پینے کی تمام اشیا بے پناہ مہنگی ہوئیں جس سے عام آدمی کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔

مزیدخبریں