پولیس اہلکاروں کے جعلی تبادلے کروانے والا نوسرباز گرفتار

6 Nov, 2020 | 06:53 PM

Arslan Sheikh

( عابد چوہدری ) آئی جی پنجاب کے جعلی وزٹنگ کارڈ پر پولیس اہلکاروں کے تبادلے کرانے والا نوسرباز سی سی پی او دفتر سے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق سرگودھا کا رہائشی اعظم نامی ملزم سی سی پی او دفتر کے ایس ایس پی ایڈمن کے پاس پیش ہوا جس نے ایس ایس پی ایڈمن اور سٹاف کو آئی جی پنجاب کا وزٹنگ کارڈ دکھایا۔ اس نے وزٹنگ کارڈ پر آئی جی پنجاب کے جعلی دستخط بھی کر رکھے تھے۔

  نوسرباز ملزم اعظم کو سی سی پی او دفتر سٹاف نے حراست میں لے کر سول لائنز تھانے منتقل کر دیا جہاں ملزم کے خلاف فراڈ اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم 15 سے 20 ہزار کے عوض پولیس اہلکاروں کے تبادلے کرواتا تھا جو کہ پہلے بھی متعدد مقدمات میں جیل کی ہوا کھا چکا ہے۔

یاد رہے گزشتہ ماہ رائیونڈ کے علاقے سے جعلی کرنل کو گرفتار کیا گیا تھا۔ اے سی رائیونڈ عدنان رشید فیلڈ میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنا رہے تھے۔ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر جم کو سیل کردیا گیا لیکن اس دوران ایک شخص نے کار سرکار میں مداخلت کی اور اے سی رائیونڈ کو کارروائی کرنے سے روکنے کی کوشش کی۔

اس شخص نے خود کو حساس ادارے و ایجنسی کا اعلی افسر بتایا۔ شک پڑنے پر حساس ادارے کو فوری اطلاع دے کر اس کی جانچ پڑتال کروائی گئی۔ حساس ادارے سے جواب ملا کہ شہزاد نواز کسی سکیورٹی ادارے کا ملازم نہیں۔ جعلی ثابت ہونے پر اس کو پکڑ کر متعلقہ تھانہ میں بند کروا دیا گیا ہے جبکہ اس شخص سے حساس ادارے کا جعلی کارڈ بھی برآمد ہوا ہے۔

مزیدخبریں