ترقیوں کےمنتظراساتذہ سر پکڑ کر بیٹھ گئے

6 Nov, 2020 | 03:01 PM

M .SAJID .KHAN

(جنید ریاض) سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے اساتذہ کا ڈیٹا ڈیجٹلائز کرنے کے لئےمحکمہ کے کروڑوں روپے برباد کردیئے،عرصہ دراز سے سیس کے ذریعے ایڈجسٹمنٹ کے منتظر ہزاروں اساتذہ اپنے تبادلوں اور ایڈجسٹمنٹ کے لئےخوار  ہوگئے،لاہور میں ایڈجسٹمنٹ  کے لئےصرف چند سیٹوں کی آپشن ملنے پر اساتذہ سر پکڑ کر بیٹھ گئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سکول انفارمیشن سسٹم ایپلی کیشن بنانے میں ناکام ہوگیا،ایپلی کیشن میں بے شمار خامیوں کے باعث صوبہ بھر کے 5 لاکھ سے زائد اساتذہ رل گئے، سکول انفارمیشن سسٹم اساتذہ کو تبادلوں کے لئے آپشن ہی نہ دے سکا، لاہور میں پروموشن اور ایڈجسٹمنٹ کے منتظر 400 سے زائد اساتذہ اور کو صرف چند سکولوں کی آپشن دے دی گئی۔

ایس ایس ٹی پروموٹ ہونے والے سینکڑوں اساتذہ کی سابقہ سیٹیں بھی سیس پر دکھائی نہیں دے رہیں،خواتین اساتذہ لاہور میں گھر کے قریب ایک بھی سیٹ کی آپشن نہ ملنے پر پریشان ہیں، اساتذہ یونین نے ایس ٹی آر ختم کرکے اساتذہ کی مینول طریقہ سے ایڈجسٹمنٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا، انکا کہنا ہے کہ اساتذہ کی ایڈجسٹمنٹ مینول طریقہ سے نہ کی گئی تو 17 دسمبر کو بھرپور احتجاج کریں گے۔

دوسری جانب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ تبادلے صرف آن لائن طریقہ سے ہی کیے جائیں گے، اگر کوئی ٹیچر سکول چھوڑ کر جانا چاہتا ہے تو چلے جائیں۔

واضح رہے کہ سکول ایجوکیشن نےآٹھ سپشل کیٹگریزمیں اساتذہ کے تبادلوں پرسے پابندی اٹھائی تھی، ان میں ویڈلاک، بیوہ، معذور، طلاق یافتہ اور باہمی تبادلوں کی کیٹیگریز شامل ہیں۔مذکورہ اساتذہ 4 نومبرتک اپنی درخواستیں آن لائن جمع کراسکیں گے لیکن سکول انفارمیشن سسٹم میں خرابی کے باعث سینکڑوں اساتذہ کودرخواستیں جمع کرانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اساتذہ کا کہنا تھا کہ  سکولوں میں کم انرولمنٹ کی وجہ سے سسٹم درخواست وصول نہیں کررہا، جنرل کیٹیگری کے تبادلوں کی وجہ سے سکولوں میں پہلے ہی اسامیاں فل ہوچکی ہیں۔ اساتذہ نےسسٹم میں خرابی کے باعث تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کردیا ہے، سکول ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ معاملےکی تصدیق کے بعد تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا جائےگا جبکہ پنجاب ٹیچرزیونین کا کہنا ہےکہ تاریخ میں توسیع نہ کی گئی تو اساتذہ احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔

مزیدخبریں