(علی اکبر) پنجاب حکومت نے لاہور رنگ روڈ کوبھی سیف سٹی پراجیکٹ سے منسلک کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کا 27 واں اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ لاہور سیف سٹی پراجیکٹ کا دائرہ کار شاہدرہ چوک تک بڑھا دیا گیا ہے، ٹھوکر نیاز بیگ پر لاہور کے داخلی و خارجی راستوں پر جدید کیمرے نصب کر دیئے گئے ہیں جبکہ لاہور کے دیگر داخلی و خارجی راستوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے۔
اجلاس میں راولپنڈی اور ڈیرہ غازی خان و تونسہ میں پنجاب سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ پراجیکٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ موڈ کی بجائے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت شروع کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے دیگر شہروں میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا جائے، سیف سٹی پراجیکٹس کادائرہ کار دیگر شہروں تک بڑھا رہے ہیں جبکہ لاہور رنگ روڈ کو بھی سیف سٹی پراجیکٹ سے منسلک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں لاہور سیف سٹی پراجیکٹ کے آپریشنل امور کیلئے فنڈز کے اجراء کی منظوری بھی دی گئی۔