شہبازشریف کی اطالوی سفیر سے ملاقات،اٹلی کی وزیر اعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت دیدی 

6 May, 2024 | 09:20 PM

This browser does not support the video element.

سٹی42:  وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں تعینات اٹلی کی سفیر محترمہ میریلینا ارملین نے آج وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی جس میں وزیر اعظم نے آنے والے دنوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اٹلی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے  عزم کا اظہار کیا۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی سفیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے  وزیر اعظم شہبازشریف نے کہا کہ پاکستان اٹلی کے ساتھ کئی دہائیوں پر محیط اپنے کثیر جہتی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، دونوں ممالک کے تعلقات ہمیشہ خیر سگالی اور اعتماد پر مبنی رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک نے کئی اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی یکساں خیالات کا اظہار کیا ہے۔ اپنے دوبارہ انتخاب پر موصول ہونے والے مبارکبادی پیغام پر اطالوی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے آنے والے دنوں میں دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اٹلی کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے  عزم کا اظہار کیا۔ 

اعلیٰ سطحی تبادلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم شہبازشریف نے اٹلی کی وزیر اعظم محترمہ جارجیا میلونی کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت دی۔ انہوں نے وزیراعظم میلونی کی اندرون و بیرون ملک ان پالیسیوں کو سراہا جنہوں نے اٹلی کو یورپی یونین کا ایک اہم رکن بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان اور اٹلی کے دوطرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے زور دیا کہ دونوں ممالک تعلیم، تجارت اور سرمایہ کاری، قانونی نقل مکانی کے ساتھ ساتھ ثقافتی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں۔ انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں  کی ایک بڑی آبادی کی میزبانی کرنے پر اٹلی کا شکریہ ادا کیا جو دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہے ہیں اور دونوں ممالک کی اقتصادی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

اطالوی سفیر نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اٹلی پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دینے کی کوشش کریں گی۔

مزیدخبریں