راؤ دلشاد: وزیراعلیٰ مریم نواز سے پنجاب بھر میں تعینات ہونیوالے اسسٹنٹ کمشنرز کی ملاقات، مریم نواز نے میرٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے تعینات ہونیوالے اسسٹنٹ کمشنرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی زندگی میں آسانیاں اور سہولت لائیں، ان کی خدمت کا ایجنڈا ہر صورت پورا کیا جائے ، کرپشن اور بدعنوانی کے خلاف زیرٹالرنس کی پالیسی ہے۔عوام کی خدمت افسروں کی ذمہ داری ہی نہیں بلکہ فرض اولین ہے۔ذمہ داری دی نہیں جاتی بلکہ از خود ذمہ داری لی جانی چاہیے۔ ینگ آفیسر زکو پرفارمنس سے خود کو ثابت کرنا ہوگا، عوامی نمائندوں کی عزت کی جائے، میرے سمیت کسی کی غلط بات نہ مانیں، حکومت کی رٹ کو ہر صورت قائم رکھا جائے لیکن انسانی وقار کو بھی برقرار رکھیں ۔ جائز کام ہر ایک کا کیا جائے، ناجائز کام کسی کا نہیں کرنا، ایجوکیشن، ہیلتھ،پرائس کنٹرول سمیت تمام امور پر پوری توجہ دی جائے۔
انھوں نے مزید کہا کہ اسسٹنٹ کمشنرمتعلقہ علاقوں میں 16روپے کی روٹی اور 20روپے نان کی فروخت یقینی بنائیں، مصنوعی مہنگائی کو پرائس کنٹرول میکانزم کے ذریعے کم کیا جائے، پراونشنل انفورسمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کی مختلف ٹاسک میں معاونت کرے گی۔ پنجاب کے کسی علاقے میں ٹوٹی گلیاں،کھڑا پانی اور ابتر صفائی نہیں دیکھنا چاہتی۔ہسپتالوں میں علاج کی سہولتوں کی بھرپور مانیٹرنگ کی جائے، افسران عوام کے لئے دروازے کھلے رکھیں اور ان کی بات سنیں۔میرے اسسٹنٹ کمشنر میرے آنکھیں، کان اور بازو کے مترادف ہیں۔
اس ملاقات کے موقع پر سینیٹر پرویز رشید،سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب ، چیف سیکرٹری،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔