ویب ڈیسک:وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر فحش اور غیراخلاقی ویڈیوز سے لوگوں کو بدنام کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاﺅن کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جمعے کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر غیراخلاقی مواد پھیلانے والوں کو گرفتار کیا جائے گا۔
بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ ایسے مواد کو برداشت نہ کیا جائے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سوشل میڈیا کو لوگوں کی پگڑیاں اچھالنے کے لیے استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کی روک تھام کرنی ہے جس میں ایسے مواد کو بلیک میلنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ایسی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹیں گے۔ غیراخلاقی ویڈیوز، تصاویر سمیت اس نوع کا گند پھیلانے والوں کا صفایا کریں گے۔‘
اس حوالے سے وزارت داخلہ نے ایف آئی اے اور متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔