ویب ڈیسک:سابق وزیراعظم عمران خان نے سابق پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین اور علیم خان سے اختلافات کی وجہ بتا دی۔
سوشل میڈیا پاڈ کاسٹ میں انہوں نے بتایا کہ دونوں رہنماوں کی پی ٹی آئی کے لیے بہت جدوجہد ہے، دونوں گیارہ سال پہلے پارٹی میں آئے۔ جہانگیر ترین پر چینی کمیشن بنانے پر اختلافات شروع ہوئے جب کہ علیم خان نے دریائے راوی میں 300 ایکڑ اراضی لے لی اور اس کو قانونی قرار دلوانا چاہتے تھے۔وہاں سے علیم خان اور میرے درمیان دوریاں پیدا ہوئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ان دونوں کے لیے کرپشن اہمیت نہیں رکھتی اس لیے یہ لوگ ن لیگ کے ساتھ جا کر بیٹھ گئے ہیں۔اگر ان دونوں افراد کا میرا والا نظریہ ہوتا تو آج میرے ساتھ ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ علیم خان پر نیب کے بھی کیسز تھے جب کہ ان کا نام پنڈورا باکس میں بھی آیا تھا۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اداروں میں کرپٹ نظام سے فائدہ اٹھانے والے بیٹھے ہیں، ہمارے اداروں میں وہ لوگ بیٹھے ہیں جو ان کا ساتھ دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکثریت نہ ہونے کی وجہ سے ہم کوئی قانون سازی نہیں کر سکتے تھے، پارلیمنٹ میں اکثریت ملے گی تو ہی اقتدار میں آؤں گا۔