(حافظ شہباز علی) راولپنڈی ایکسپریس شعیب اختر نے فاسٹ باؤلرز کو بلے بازوں پر دھاک بٹھانے کے گر بتادئیے۔
پی سی بی کے قومی کرکٹرز کو ویڈیو لنک لیکچرز اور کوچنگ کا سلسلہ جاری ہے، چھٹے لیکچر میں دنیا کے تیز ترین باؤلر شعیب اخترنے قومی فاسٹ باؤلر کو تیز باؤلنگ کے گر بتائے، شعیب نے فاسٹ باؤلرز کو بتایا کہ بلے باز کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر اسے خوف کا شکار بنایا جاتا جبکہ فاسٹ باؤلر کو دنیا اس کے اسپیلز سے یاد رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نسیم شاہ دوسرے وقار یونس بننے کی صلاحیت رکھتے توشاہین شاہ آفریدی، وسیم اکرم اور محمد عباس دوسرے محمد آصف بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں، راولپنڈی ایکسپریس نے باؤلرز کو بتایا کہ حریف بلے بازوں پر خوف طاری کرنے کیلئے میدان میں دلیری سے مقابلہ کرنا ہوتا ہے اور فاسٹ باؤلر کی رفتارکا کوئی نعم البدل نہیں، انہوں نے کھلاڑیوں سے کہا بڑا کرکٹر بننا ہے تو اپنے سے بہتر کھلاڑی سے دوستی کرو۔
اس سے قبل سابق ٹیسٹ کرکٹر اور دنیا کے تیز ترین باؤلر شعیب اختر نے بھی اپنی ڈریم باؤلنگ جوڑی بتادی، شعیب اختر نے ماضی سے سابق کپتان عمران خان اور موجودہ ٹیم سے نسیم شاہ کو اپنا ڈریم باؤلنگ پارٹنر قرار دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ باؤلر شعیب اختر نے کہا کہ وہ ماضی کے فاسٹ باؤلرز میں سے عمران خان کے ساتھ باؤلنگ کرنے کا انتخاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ اپنے کیرئیر کے عروج میں عمران خان کے ساتھ دوسرے اینڈ سے باؤلنگ کرتےتو دونوں کھلاڑیوں کی کا مائنڈ سیٹ ایک ہوتا اور وہ یہ کہ حریف ٹیم کی کوئی وکٹ نہیں چھوڑنی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ کھلاڑیوں میں سے ٹیسٹ کرکٹر نسیم شاہ ان کے ہم مزاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان فاسٹ باؤلر کا غضہ اور خوف ان کے جیسا ہوسکتا ہے لہٰذا وہ نسیم شاہ کو اپنا ڈریم پیئر چنیں گے۔