مساجد میں اجتماعی اعتکاف پر پابندی عائد

6 May, 2020 | 03:11 PM

Sughra Afzal

(سٹی 42) دنیا بھر میں تباہی مچانے والا کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیلنا شروع ہوگیا، پولیس اہلکار، وارڈن، ڈاکٹرز، نرسز،  قیدی، بچے بڑے سب اس مہلک وبا سے متاثر ہو رہے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1049 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد ملک میں کورونا مریضوں کی تعداد 22 ہزار 550 تک پہنچ گئی، اب تک کورونا وائرس کے باعث  526افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، کورونا وائرس سے سب سے زیادہ لاہور شہر متاثر ہوا، اس وقت لاہور میں 3210 کورونا کے کنفرم مریض ہیں۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ اور احتیاطی تدابیر کے تحت لاہور سمیت پنجاب بھر میں لاک ڈاؤن نافذ ہے، لاہور  میں آج لاک ڈاؤن کا 44 واں روز ہے، تمام  شاپنگ مالز، مارکیٹیں، تعلیمی ادارے، سینما گھر، شادی ہالز، سیاحتی مقامات اور پارکس بند ہیں، پبلک ٹرانسپورٹ ،ریلوے کا پہیہ جام ہے، کھیلوں کے میدانوں پر تالے لگے ہیں۔

کورونا وائرس کے باعث محکمہ اوقاف و مذہبی پنجاب کے زیر انتظام مساجد میں اجتماعی اعتکاف پر پابندی لگا دی گئی، محکمہ اوقاف و مذہبی پنجاب کی تمام مساجد میں صرف ملازمین اعتکاف بیٹھیں گے۔

ذرائع کے مطابق داتا دربار انتظامیہ نے اجتماعی اعتکاف کے لئے درخواستوں کی وصولی نہیں کی، جبکہ بادشاہی مسجد میں بھی اعتکاف بیٹھنے والے خواہش مندوں سے درخواستیں وصول نہیں کی گئیں، دونوں مقامات پر سپیشل برانچ سے کلیئرنس سرٹیفکیٹ لیکر اعتکاف بیٹھنے کی اجازت دی جاتی تھی، رواں سال رمضان المبارک کے آخری عشرے میں اجتماعی اعتکاف نہیں ہو سکے گا۔

یاد رہے کہ اعتکاف ماہ رمضان کے آخری عشرے کی اہم عبادت ہے، اعتکاف عربی زبان کا لفظ ہے، جس کے معنی ہیں ٹھہر جانا اور خود کو روک لینا ہے۔ شریعتِ اسلامی کی اصطلاح میں اعتکاف  رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عبادت  کی غرض سے مسجد  میں ٹھہرنے کو  کہتے ہیں۔ اعتکاف کے حوالے سےامام الانبیا حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا ، جو شخص رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف کرے، تو اسے دو حج اور دو عمروں کا ثواب ملے گا۔ نبی کریم ﷺ بھی رمضان المبارک کے آخری دس دن اعتکاف کیا کرتے تھے۔

مزیدخبریں