ضلعی انتظامیہ کا ہربنس پورہ میں پٹوار خانہ بنانےکا فیصلہ

6 May, 2020 | 01:23 PM

Sughra Afzal

(عثمان علیم) ہربنس پورہ میں قبضہ مافیا سےواگزار کرائی جانیوالی 2 کنال سرکاری اراضی پر ضلعی انتظامیہ کا پٹوار خانہ بنانے کا فیصلہ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اصغر جوئیہ کے اسسٹنٹ کمشنر شالیمار کو نقشہ کی تیاری کے احکامات جاری کر دیئے۔

ذرائع کے مطابق ہربنس پورہ میں کروڑوں روپے مالیت کی سرکاری 2 کنال اراضی محکمہ اینٹی کرپشن اور اسسٹنٹ کمشنر شالیمار کی نگرانی میں واگزار کرائی گئی تھی، خسرہ نمبر2111 میں آنیوالی دو کنال سرکاری اراضی کو تحویل میں لیتے ہوئے قانون گوئی آفس اور پٹوار خانہ جات بنانے کیلئے عملی اقدام اٹھایا جارہا ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اصغر جوئیہ نے اسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی ملعوف کو موقع اراضی کی تحریری رپورٹ اور نقشہ بنانے کے احکامات جاری کر دیئے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو نے کہا کہ حکومتی جائیداوں کو محفوظ بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسری جانب اینٹی کرپشن لاہور ریجن کی ٹیم نے سورس رپورٹ پر ہربنس پورہ کے پٹواری ملک تاج کے خلاف انکوائری کا آغاز کرکے پٹواری کو طلب کرلیاہے،اینٹی کرپشن کی سورس رپورٹ کے مطابق پٹواری ملک تاج پر جعلی اسناد کے ذریعے نوکری حاصل کرنے اور کروڑوں روپے کی اراضی پر قبضے کروانے کا الزام ہے، پٹواری ملک تاج پر اربوں روپے مالیت کی سرکاری اراضی کے ریکارڈ میں ردو بدل کرنے کا بھی الزام ہے۔-

علاوہ ازیں اینٹی کرپشن لاہور ریجن نے چار سال قبل نیاز بیگ پٹوار خانہ کا ریکارڈ غائب کرنے کی ایف آئی آر میں نامزد پٹواری محمد خالد حسین اور پٹواری مقبول احمد کی دوبارہ اسی پٹوار سرکل میں تعیناتی کے معاملے کی انکوائری شروع کر رکھی ہے،  اینٹی کرپشن نے ریکارڈ غائب کرنے والے پٹواریوں کو طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے پر کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

مزیدخبریں