کرکٹر عمر اکمل کی قسمت کاتفصیلی فیصلہ آج سنایا جائے گا

6 May, 2020 | 11:16 AM

M .SAJID .KHAN

(سٹی42) کرکٹر عمر اکمل کیس کا تفصیلی فیصلہ آج جاری کیا جائے گا۔ پی سی بی ڈسپلنری پینل کے سربراہ جسٹس فضل میراں چوہان تفصیلی فیصلہ جاری کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق   میچ فکسکنگ کی پیشکش سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس میں کرکٹر عمر اکمل کی قسمت کا فیصلہ آج سنایا جائے گا۔تفصیلی فیصلے میں پابندی کی معطل سزا ہونے یا نہ ہونے کا واضح کیا جائے گا۔ پابندی سے قبل کرکٹر عمراکمل نے انٹی کرپشن ٹریبونل میں سماعت کی درخواست نہیں کی تھی جس کے بعد پی سی بی نے کیس ڈسپلنری پینل کو بھجوایا دیا تھا۔ ڈسپلنری پینل کے چئیرمین جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان نے سماعت کے لیے عمر اکمل اور پی سی بی کو نوٹسز جاری بھی کیے جبکہ کیس کی سماعت 27 اپریل کو ہوئی تھی۔

بعدازاں عمر اکمل پر بکیز سے رابطے چھپانے اور پی سی بی کو اطلاع نہ کرنے کےالزامات ثابت ہونے پر تین سال کی پابندی عائد کردی گئی۔جسٹس فضل میراں چوہان نے فیصلہ سنایاتھا۔  پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے الزامات کی تفصیلات پیش کیں۔عمر اکمل نے پی سی بی کے نوٹس آف چارج کو چیلنج نہیں کیا تھا جس پر وہ 3 برس تک کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

عمر اکمل پر تین سال پابندی کا سن کر بھائی  کامران اکمل ششدر ہوگئے تھے،  پی سی بی کے فیصلے پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمر پر 3 سال کی پابندی کا فیصلہ سن کر حیران ہوگیا ہوں، اسے بہت سخت سزا سنائی گئی ہے۔ کرکٹر کامران اکمل کا کہناتھا کہ ماضی میں ایسی ہی خلاف ورزی پر کم سزاؤں کی مثالیں موجود ہیں لیکن سمجھ سے باہر ہے کہ عمر اکمل کو کیوں اتنی سخت سزا سنائی گئی۔ کامران اکمل کا کہنا تھا کہ  انصاف کے لئےہر پلیٹ فارم پر جائیں گے اور  اپیل کا حق ضرور استعمال کریں گے جس کیلئے تفصیلی فیصلے کے منتظر ہیں۔

عمر اکمل ایک روزه کرکٹ کا  آغاز  1 اگست 2009 کو سری لنکا کے خلاف کیا،  ٹیسٹ کرکٹ کا آغاز  24  نومبر  2009 کو نیو زی لینڈ جبکہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ کا  آغاز  12 اگست 2009 کو سری لنکاکے خلاف میچ سے کیا۔عمر اکمل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا حصہ تھے اور  اب پابندی کے بعد وہ  پی ایس ایل کے سٹیج پر بھی دکھائی نہیں دیے تھے۔

پی سی بی ڈسپلنری پینل نے 27 اپریل کو عمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد کی تھی۔عمر اکمل پر دو مرتبہ فکسنگ کی پیش کش کے بارے میں آگاہ نہ کرنے کا جرم ثابت ہوا۔پی ایس ایل فائیو میں فکسنگ کے لیے بکی نے عمر اکمل کے ساتھ رابطہ کیا تھا۔

واضح رہے پی سی بی کی جانب سے17مارچ2020 کو عمر اکمل کو نوٹس آف چارج جاری کیا گیا تھا جبکہ عمر اکمل کو 20 فروری 2020 کو عبوری طور پرمعطل کیا گیا تھا۔
 

مزیدخبریں