گلبرگ (زین مدنی ) صدف کنول کا شمار پاکستان کی کامیاب ماڈلز میں کیا جاتا ہے جو ہر فیشن ڈیزائنر کی پہلی پسند ہوتی ہیں اور اب انہوں نے انسٹاگرام پر بھی باقی ساری ماڈلز کو پیچھے چھوڑ دیا، وہ پہلی پاکستانی ماڈل بن چکی ہیں جنہیں انسٹاگرام اکاؤنٹ پر 10 لاکھ مداح فالو کررہے ہیں۔
صدف کنول نے اس خبر کا اعلان اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کیا اور اپنے مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ایک سچا پیار ہونا لاکھوں فالوورز سے بہتر ہے۔
View this post on Instagram
خیال رہے کہ ماڈل صدف کنول 2014 سے پاکستانی فیشن انڈسٹری کا اہم حصہ بنی ہوئی ہیں، صدف کنول نے ماڈلنگ کے ساتھ ساتھ چند فلموں اور ڈراموں میں اداکاری بھی کی۔
صدف کنول نے 2017 میں فلم 'بلو ماہی' میں ایک اہم کردار ادا کیا تھا جبکہ وہ فلم 'نامعلوم افراد 2' کے ایک گانے میں بھی جلوہ گر نظر آئیں، اِس کے علاوہ اُنہوں نے ڈرامہ الف میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔
دوسری جانب ماڈل صدف کنول کی اِس کامیابی پر اداکار شہروز سبزواری نے بھی اُن کو مبارکباد دی۔ شہروز سبزواری نے اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں صدف کنول کے انسٹافیڈ کا اسکرین شارٹ شیئر کرتے ہوئے ماڈل کو انسٹاگرام پر 10 لاکھ فالوورز ہونے کی مبارکباد دی۔
واضح رہے کہ مارچ میں اداکار شہروز سبزواری اور اداکارہ سائرہ شہروز نے سوشل میڈیا پر ذاتی اختلافات کی وجہ سے اپنی شادی ختم ہونے کا باضابطہ اعلان کیا تھا جس کے بعد سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں ہورہی تھیں کہ صدف کنول کی وجہ سے شہروز اور سائرہ کی علیحدگی ہوئی ہے۔ شہروز سبزواری نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ ماڈل صدف کنول سے تعلقات کی خبریں بے بنیا د ہیں، ایسی جھوٹی خبریں نہ پھیلائی جائیں، وہ اور صدف کنول صرف اچھے دوست ہیں۔
اداکار شہروز سبزواری اور اداکارہ سائرہ شہروز نے 2012 میں شادی کی تھی اور دونوں کی 6 سالہ بیٹی نورے بھی ہے، ان کی جوڑی کا شمار شوبز انڈسٹری کی مقبول اور خوبصورت جوڑیوں میں ہوتا تھا۔