ایبٹ روڈ (زین مدنی ) وزیر اعظم عمران خان نے ترکی کا ایک اور معروف ڈرامہ یونس ایمرے بھی پاکستان میں نشر کرنے کی خواہش کا اظہار کردیا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ یونس ایمرے کو بھی پاکستان میں نشر کیا جائے، یونس ایمرے ڈرامہ 13 ویں صدی کے ترک صوفی شاعر یونس ایمرے کی زندگی پر بنایا گیا ہے۔
#KnowingIslamicHistory
— Faisal Javed Khan (@FaisalJavedKhan) May 4, 2020
After @DirilisDizisi Ertugrul PM Imran Khan wants Yunus Emre يونس امره (Aşkin Yolculuğu) to be telecast in Pakistan.
Yunus Emre (the Dervish) was an Islamic poet, a mystic & a poor villager. Story of a great Sufi wholly dedicated to ALLAH & searching... pic.twitter.com/xwdTGOHf8I
ترکی کے سرکاری چینل پر نشر کی جانے والی مقبول سیریز ’ یونس ایمرے‘ 2015 میں نشر ہونا شروع ہوئی جو دو سیزن پر مشتمل ہے، دونوں سیزن کی مجموعی اقساط کی تعداد 45 ہے۔
ترکی اور وسطی ایشیا کے ممالک میں صوفی شاعر، درویش اور روحانی شخصیت کے طور پر مشہور یونس ایمرے 1238 میں صاری کوئے نامی گاؤں میں پیدا ہوئے،اس زمانے میں قونیہ پرسلجوق ترکوں کی حکومت تھی، انہوں نے اناطولیہ کے ادب و ثقافت پر گہرے اثرات مرتب کیے، انھوں نے قدیم اناطولوی ترکی زبان میں تحاریر لکھیں جو جدید ترکی زبان کی ابتدائی شکل تھی۔ یونس ایمرے کی 750 ویں سالگرہ کے موقع پر، یونیسکو نے ایک متفقہ قرارداد کے ذریعے 1991ء کو ’ یونس ایمرے کے عالمی سال‘ کے طور پر منایا۔ ترکی میں کرنسی پر تصاویر کے علاوہ کئی اہم مقامات اور عمارتوں میں یونس ایمرے کے مجسمے نصب ہیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی خواہش پر پاکستان ٹیلی وژن نے یکم رمضان المبارک سے ترک ڈرامے دیریلیش ارطغرل کی نشریات شروع کی ہیں، دیریلیش ارطغرل کو پی ٹی وی پر نشر کیے جانے کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے بھی خصوصی پیغام جاری کیا تھا اور انہوں نے ترک ڈرامے کو نہ صرف اسلامی بلکہ پاکستانی ثقافت و تاریخ کے بھی قریب قرار دیا تھا۔ترک ڈرامے دیریلیش ارطغرل نے اپنی پہلی ہی قسط سے نہ صرف مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دیئے بلکہ پاکستانیوں کا پسندیدہ ڈرامہ بن گیا۔