سٹی42: رمضان المبارک شروع ہوتے ہی کھجوروں کی قیمتیں بھی پیچھے نہ رہیں،لاہور میں مختلف اقسام کی کھجوریں 180 روپے سے 2600 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگیں۔غذائیت سے بھرپور کھجور بھی غریب کی پہنچ سے دور ہونے لگی۔
کھجور کھانا سنت نبویﷺ ہے، یہ غذائیت سے بھرپور پھل کئی ہزار سال قبل مسیح سے کاشت کیا جارہا ہے، رمضان المبارک شروع ہوتے ہی اسکی مانگ میں اضافہ ہوجاتا ہے، پاکستان میں ایران اور سعودی کھجوروں سمیت تیرہ مختلف اقسام کی کھجوریں فروخت ہورہی ہیں، جو ایک سو پچاس روپے سے لیکر 2600روپے تک بیچی جارہی ہیں۔
گزشتہ سال کی نسبت رواں سال کھجوروں کی قیمتوں میں واضح اضافہ نظر آرہا ہے، جس سے خریدار کی جیب پر اچھا خاصا بوجھ پڑا ہے، کھجور فوری طور پر جسم پر توانائی سے بھرنے والا پھل ہے جو دیگر پھلوں اور مصنوعی غذاؤں سے حاصل نہیں ہوتی، اس میں شامل صحت بخش اجزاء افطاری کے بعد انسان کا انرجی لیول بڑھانے میں مددگارثابت ہوتے ہیں۔
پاکستان میں بہت بڑی تعداد میں ایسا طبقہ بھی موجود ہے جو صرف پانی اور کھجور سے روزہ کھولنے کی استطاعت رکھتا ہے، مگر موجودہ مہنگائی نے غریب سے یہ استطاعت بھی چھین لی ہے۔