اینڈرائیڈ صارفین کے لیے واٹس ایپ میں ایک دلچسپ فیچرمتعارف

6 Mar, 2024 | 07:27 PM

Ansa Awais

ویب ڈیسک: واٹس ایپ کی جانب سے حریف ایپس سے مقابلے کے لیے ہر ماہ نئے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں۔

ایسا ہی ایک اور نیا فیچر صارفین کو جلد دستیاب ہوگا جس کی مدد سے وہ اپنی تصاویر کو اسٹیکر میں بدل سکیں گے۔میسجنگ ایپس کی اپ ڈیٹ پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں یہ فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔خیال رہے کہ واٹس ایپ میں اسٹیکرز کا فیچر سب سے پہلے 2018 میں متعارف کرایا گیا تھا۔اس کے کچھ عرصے بعد میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں انیمیٹڈ اسٹیکرز کا اضافہ کیا گیا۔

مگر اب تک اینڈرائیڈ صارفین کے لیے تصاویر سے اسٹیکرز کی تیاری ممکن نہیں تھی مگر جلد وہ یہ فیچر استعمال کر سکیں گے۔اس مقصد کے لیے واٹس ایپ میں اسٹیکر میکر کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ صارفین اپنی پسند کی تصاویر کو اسٹیکرز میں تبدیل کر سکیں۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ واٹس ایپ کے اسٹیکرز مینیو میں ایک نئے Create ٹیب کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ آپ فوری طور پر فون میں موجود کسی بھی تصویر تک رسائی حاصل کرکے اسے اسٹیکر میں تبدیل کر سکیں۔

رپورٹ کے مطابق اس فیچر کے تحت کسی واٹس ایپ چیٹ میں موجود تصاویر کو بھی اسٹیکر کی شکل دینا ممکن ہوگا۔اس کے لیے چیٹ میں موجود تصویر پر کلک کرکے اوپر دائیں جانب نیو Create اسٹیکر آپشن پر کلک کرنا ہوگا۔جب آپ کسی اسٹیکر کو چیٹ میں سینڈ کریں گے تو اس پر کلک کرنے پر ایڈ ٹو فیورٹس اور ایڈٹ اسٹیکر کے نام سے 2 آپشنز نظر آئیں گے۔ایڈ ٹو فیورٹس پر کلک کرنے پر آپ اس اسٹیکر تک مستقبل میں آسانی سے رسائی حاصل کر سکیں گے جبکہ ایڈٹ اسٹیکر پر کلک کرنے پر امیج ایڈیٹر اوپن ہوگا۔واضح رہے کہ یہ فیچر آئی او ایس ڈیوائسز میں جنوری 2024 میں متعارف کرایا گیا تھا اور اینڈرائیڈ صارفین تک اس کی رسائی تاخیر سے ہو رہی ہے۔

جیسا اوپر درج کیا جا چکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں پیش کیا گیا ہے تو یہ کہنا مشکل ہے کہ کب تک اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

مزیدخبریں