"آج میں 117 برس کی ہو گئی"، سینئیر ترین برتھ ڈے گرل کی پوسٹ نے دنیا بھر کو سالگرہ میں شریک کر لیا

6 Mar, 2024 | 12:16 AM

سٹی42: دنیا کی معمر ترین برتھ ڈے گرل کی پوسٹ ایک پر نمودار ہوتے ہی دنیا ان کی برتھ ڈے میں  شریک ہو گئی۔  

پیر کی صبح سپین کی برتھ ڈے گرل موریرا نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں لکھا، "دنیا کو صبح بخیر، آج میں 117 برس کی ہوگئی۔"   برتھ ڈے گرل موریرا کی یہ پوسٹ فوراً  ہی وائرل ہو گئی اور دنیا بھر سے لوگ روئے زمین پر معمر ترین شخصیت کو ہیپی برتھ ڈے کہتے ہوئے ان کی برتھ ڈے میں شریک ہو گئے۔ دنیا کی سینئیر ترین شہری کی سالگرہ تزک و احتشام سے منائی گئی۔
ماریا برانیاس موریرا  کی 117ویں سالگرہ میں ساری دنیا کے شہریوں کی شرکت نے انہیں  بہت راحت دی اور انہوں نے دنیا کا شکریہ ادا کیا۔

سپینش شہری موریرا  چار مارچ  1907 کو سان فرانسیسکو میں پیدا ہوئیں۔ وہ  آٹھ برس کی عمر سے اسپین کے شمال مشرقی نیم خود مختار  شہر کیٹلونیا میں رہائش پذیر ہیں جو سپین کا سب سے بڑا شہر بھی ہے۔ موریرا ۲۳ برس سے  نرسنگ ہوم میں رہ رہی ہیں۔ 

گنیز ورلڈ ریکارڈز نے جنوری  2023 میں ماریا برنباس موریرا کو فرانس کی 118 سالہ خاتون لوسائل رینڈن کی  وفات کے بعد دنیا کا معمر ترین زندہ انسان قرار دیا تھا۔ 

موریرا کی نرسنگ ہوم کی ڈائریکٹر ایوا کریرا بوئیکس نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ موریرا  اپنی سالگرہ پر ملنے والے تہنیتی پیغامات  پر اظہار تشکر کے ساتھ اپنی صحت کے معاملے پر بہت سارے لوگوں کی جانب سے دلچسپی لینے پر بھی خوش ہوئیں۔

موریرا نرسنگ ہوم میں کافی متحرک رہتی ہیں اور اپنی 80 برس کی بیٹی کی مدد سے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر موجود رہتی ہیں۔ 

یاد رہے کہ موریرا اس وقت تاریخ میں بارہویں تصدیق شدہ معمر ترین شخصیت ہیں اور اگر انہوں نے 118ویں سالگرہ منائی تو وہ اس رینک میں پانچویں نمبر پر آجائیں گی۔

مزیدخبریں