(ویب ڈیسک)پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے پوچھ گچھ کیلئے نیب کی خصوصی ٹیم زمان پارک پہنچ گئی ۔
رپوٹس کے مطابق نیب کی ٹیم منی لانڈرنگ کیس میں نوٹس وصول کروانے پہنچی ہے۔تاحال نیب کی ٹیم کو عمران خاں کے گھر تک رسائی نہ مل سکی۔عمران خان کی سیکیورٹی کے پیش نظر ٹیم کو عمران خان کے محافظوں نے روک رکھا ہے۔
یاد رہے کہ اسلام آبادکی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے توشہ خانہ کیس میں جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کی درخواست کو مسترد کردیا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے وکلا نے اسلام آباد کی سیشن عدالت سے جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی منسوخی کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی۔
عمران خان کی جانب سے وارنٹ منسوخی کی درخواست اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔اسلام آباد کی عدالت نے عمران خان کی جانب سے دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا جو کچھ دیر بعد سناتے ہوئے درخواست کو خارج کردیا۔
اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے چیئرمین تحریک انصاف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو برقرار رکھا ہے۔اسلام آباد کی عدالت نے اس کیس میں عمران خان کو کل طلب کر رکھا ہے۔