ویب ڈیسک: مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالہٰی، گورنر سندھ کامران ٹیسوری سمیت دیگر رہنماؤں نے اداکار قوی خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جس کردار کو بھی قوی خان نے نبھایا اس کے ساتھ انصاف کیا جبکہ مریم اورنگزیب نے قوی خان کے انتقال کو فن کے شعبے کا بڑا نقصان قرار دیا ہے۔
نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ قوی خان کےانتقال سے اداکاری کا سنہری دور ختم ہوا۔
انہں نے کہا کہ قوی خان نے اپنی ورسٹائل اداکاری سے ٹی وی ڈراموں کو نئی جہت دی۔
نگراں وزیر اطلاعات پنجاب عامر میر نے اداکار قوی خان کی وفات پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوی خان ہمہ گیر شخصیت اور عظیم فنکار تھے۔
عامر میر کا کہنا تھا کہ قوی خان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پُر نہ کیا جاسکے گا۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی، گورنرسندھ کامران ٹیسوری سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی قوی خان کے انتقال کو بڑا قومی نقصان قرار دیا۔
اداکار سہیل احمد نے کہا کہ قوی خان ان کے لیے والد کا درجہ رکھتے تھے، قوی خان جیسا خود دار آدمی نہیں دیکھا، قوی خان کو کینیڈا جانے کے لیے ایئرپورٹ چھوڑ کر آیا تھا۔