راؤ دلشاد حسین: کورونا وائرس کے باعث پی ایس ایل سکس تو ملتوی ہوگیا لیکن ضلعی انتظامیہ نے سپرنگ فیسٹیول کرانے کا فیصلہ کرلیا، ڈپٹی کمشنر بیٹل آف لاہور لیگ، میوزیکل نائٹس، سپرنگ فیسٹیول کی تقریبات اور پنجاب کلچر ڈے سمیت پاکستان ڈے پریڈ اور ڈی سی لاہور سائیکلنگ ایونٹس ہونگے۔
تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس نے پی ایس ایل کو ملتوی کرایا تو ضلعی انتظامیہ نے مختلف تقریبات کرانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے جشن بہاراں اور سپرنگ فیسٹیول بھرپور انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 20 سے 22 مارچ تک تین روزہ سپرنگ فیسٹیول میں فوڈ کے سٹالز اور میوزیکل ایونٹ ہونگے۔ ڈی سی لاہور کا کہنا تھا کہ مشکلات حالات ہیں لیکن کوروناوائرس ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کے لیے پرعزم ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے بیٹل آف لاہور کے نام سے لاہور قلندر کے اشتراک سے کرکٹ لیگ کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ ٹورنامنٹ میں پہلے ٹرائل ہوگا، 09 ٹیمیں بنائی جائیں گی۔ ڈپٹی کمشنر بیٹل آف لاہور کرکٹ لیگ کے میچز 16 مارچ سے شروع ہونگے۔
انتظامیہ نے میوزیکل نائٹس میں راحت فتح علی خان، آئمہ بیگ، عطاء اللہ عیسی خیلوی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا ہےجبکہ میراتھن ریس، نیشنل سائیکلنگ ایونٹ، پنجاب کلچر ڈے کے حوالے سے 13 مارچ کی رات ایونٹ ہوگا۔ شاپنگ فیسٹیول، خواتین کے عالمی دن کے موقع پر بھی الحمراء ہال میں ایک تقریب سمیت پاکستان ڈے کی مناسبت سے پریڈ اور تقریب منعقد کرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے پی ایس ایل کی منسوخی پر بیٹل آف لاہور کرکٹ لیگ سمیت سپرنگ فیسٹیول کے دیگر پراگرامز تو ترتیب دے دئیے ہیں لیکن ان ایونٹس میں کورونا وائرس ایس او پیز پر عمل کو بھی یقینی بنانا ہوگا تاکہ شہریوں کو مہلک وائرس سے بچایا جاسکے۔