(مانیٹرنگ ڈیسک) معروف سیاسی شخصیت منیر احمد خان نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کے دوران تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کر دیا، وزیر اعظم نے منیر احمد خان کے فیصلے کو سراہا۔
وزیر اعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں وفاقی وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری بھی موجود تھے، ملاقات میں منیر احمد خان نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی تقدیر اور مستقبل وزیر اعظم عمران خان کی ویژنری قیادت کے ہاتھ میں ہونے سے محفوظ اور روشن ہے۔
انھوں نے کہا کہ وہ آئندہ ایک برس کے دوران ملک میں بڑی اور مثبت تبدیلی دیکھ رہے ہیں۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ دورہ سری لنکا کے دوران سری لنکن حکومت کی جانب سے والہانہ استقبال اور دوطرفہ تعلقات میں بہتری دونوں ملکوں کیلئے ترقی کی نئی راہیں کھولے گی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں مہنگائی، بے روزگاری اور افراط زر سمیت تمام مسائل کی جڑ سابقہ حکومتوں کی جانب سے کی گئی لوٹ مار اور کرپشن ہے، میرا مشن ہر طرح کی کرپشن کا خاتمہ ہے اور اس کیلئے کسی قسم کی نرمی اور سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ واضع رہے کہ منیر احمد خان تحریک انصاف میں شمولیت سے قبل تحریک بحالی جمہوریت (ARD) کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ہونے کے علاوہ مختلف حکومتوں میں مشیر اور دیگر مرکزی عہدوں پر فائز رہے ہیں۔