اپوزیشن نے قومی اسمبلی اجلاس کا بائیکاٹ کردیا

6 Mar, 2021 | 09:56 AM

Sughra Afzal

(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم آج قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی۔

سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اپوزیشن کی عدم شرکت کے بعد اجلاس کی کوئی اہمیت نہیں ہوگی، دور بیٹھ کر تماشہ دیکھیں گے، وزیراعظم کے خطاب سے شکست ظاہر ہورہی تھی،  سینیٹ الیکشن سے متعلق وزیر اعظم نے کہا کہ ووٹ بکے ہیں، آج وہ اعتماد کا ووٹ لیں گے تو ان اراکین کا ووٹ بھی شامل ہوگا جن کووہ بکاؤ مال کہتے ہیں۔ 

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ بتایا جائے کیا آپ پی ڈی ایم کے خلاف لوگوں کو نکالیں گے؟ آپ نے نوکریوں کا وعدہ کرکے لوگوں سے روزگار چھین لیا، لوگ آپ سے پوچھیں گے، آپ نے مہنگائی کیوں کی؟ 

انہوں نے کہاکہ ہم سے کوئی رابطے میں نہیں ہے، عدم اعتماد سینیٹ کے الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کی کامیابی کی صورت میں ہوچکی۔

پی ڈی ایم کے سربراہ نے کہاکہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی تقریر کو غیر منطقی کہا ہے، الیکشن کمیشن کو مورد الزام ٹھہرانا اصل موضوع نہیں ہے، الیکشن کمیشن پر الزام فارن فنڈنگ کیس میں دباؤ ڈالنے کیلئے لگایا گیا۔

 انہوں نے کہاکہ ہم اپنے فیصلوں اور اعلانات پر قائم ہیں، 8 مارچ کو اسلام آباد میں سربراہی اورمجلس عاملہ کا مرکزی اجلاس ہوگا، اجلاس میں لانگ مارچ سمیت تمام امور زیر غور آئیں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہواؤں کا رخ تب سے بدلا ہوا ہے جب ہم نے آزادی مارچ کیا تھا، پاکستان میں اس وقت کوئی حکومت نہیں، انہیں فوری طور پر الیکشن کا اعلان کر دینا چاہیے، یہ آج تک بھی جعلی اکثریت سے حکومت کرتے رہے ہیں، لانگ مارچ کے ہر علاقے سے قافلے آئیں گے۔

واضح رہےکہ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ انتخابات میں اکثریت کھونے کے بعد قومی اسمبلی سے آج اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا،  342 کے ایوان زیریں میں وزیراعظم کو کامیابی کیلئے 172 ووٹ درکار ہوں گے، قومی اسمبلی کا اجلاس (آج) سوا 12 بجے ہوگا۔

مزیدخبریں