دو ٹکے کا ڈائیلاگ لکھنے والا آج ایک ٹکے کا بھی نہیں رہا، ریشم کی خلیل الرحمان پر تنقید

6 Mar, 2020 | 11:04 AM

Shazia Bashir

(زین مدنی) فلم اور ٹی وی کی معروف اداکارہ ریشم نے خلیل الرحمان قمراور ماروی سرمد تنازع پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ٹکے کا ڈائیلاگ لکھنے والا آج ایک ٹکے کا بھی نہیں رہا۔

 میڈیا سے گفتگو میں ریشم نے کہا کہ کہا خلیل الرحمان قمر ہمارے ملک کا بہت بڑا نام ہیں، جتنی عزت اللہ تعالی نے ان کو اس وقت دی ہے وہ کم ہی کسی رائٹر کے حصے میں آتی ہے۔ اداکارہ ریشم نے خلیل الرحمان کے حال ہی میں سپر ہٹ ہونے والے ڈرامے میرے پاس تم ہو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس ڈرامے کا ایک ڈائیلاگ بہت مشہور ہوا دو ٹکے کی عورت کے لیے آپ مجھے 50 ملین دے رہے تھے تو میں کہتی ہوں یہ دو ٹکے کی عورت کا ڈائیلاگ لکھنے والا خلیل الرحمان قمر خود آج ایک ٹکے کا بھی نہیں رہا۔

عورت مارچ آج کل موضوع بحث بنا ہوا ہے، لاہور ہائیکورٹ نے عورت مارچ کی اجازت دیتے ہوئے منتظمین کو آئینی اور قانونی حدود میں رہنے کی تلقین کی گئی ہے، اسی معاملے پر گفتگو کیلئے ایک نجی ٹی وی نے ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر  اور  تجزیہ نگار اور صحافی ماروی سرمد کو بھی مدعو کیا۔ اس شو میں دونوں میں تلخی پید ا ہوگئی اور بات گالم گلوچ تک جا پہنچی۔

ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر نے لائیو ٹی وی شو میں صحافی ماروی سرمد کے لیے نامناسب الفاظ کا استعمال کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر نیو ٹی وی کا وہ کلپ ہزاروں بار شیئر کیا جاچکا ہے جس میں خلیل الرحمن قمر کی گفتگو سنی جاسکتی ہے۔

 خلیل الرحمٰن قمر نے عورت مارچ کے دوران گزشتہ سال پیش کیے گئے نعرے ’’ میرا جسم میری مرضی’’ پر شدید تنقید کی تھی جس پر ماروی سرمد نے انہیں جواب دیا۔ یوں تلخ کلامی شروع ہوگئی۔ ماروی سرمد کہتی ہیں کہ خلیل الرحمٰن قمر نے ان کے ساتھ انتہائی نا مناسب انداز میں بات کی۔ سوشل میڈیا پر اس واقعے کے حوالے سے مختلف ارا کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پروگرام کی میزبان عائشہ احتشام نے 24 نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے دوران مجھے آوازوں کی سمجھ نہیں آرہی تھی اس لئے بروقت بریک نہیں لے سکی ۔میں نے بہت کنٹرول کرنے کی کوشش کی لیکن دیر ہوگئی۔جو بھی ہو ماروی سرمد کی طرف سے ہوا ، خلیل الرحمان قمر بھی غصہ میں آگئے۔

 غیر ملکی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے   ماروی سرمد نے کہا کہ میں خواتین مارچ میں سامنے آنے والے اس مشہور نعرے کی تشریح کر رہی تھی جسے متنازعہ بنا دیا گیا ہے۔ اس نعرے کا مقصد یہ تھا کہ عورت کا ریپ نہ کیا جائے، اسے جیون ساتھی چننے کی اجازت ہو، اسے اپنی ذات کے بارے میں فیصلہ کرنے کی آزادی ہو، وہ اگر ماں نہیں بننا چاہتی، تو اسے اس کا حق ہو۔

خلیل الرحمان قمر اور  ماروی سرمد کی ویڈیو وائرل ہونے پر مختلف شخصیات نے دونوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے, ماہرہ خان نے کہا کہ ٹی وی پر خاتون کو گالیاں دیتے شخص کو دیکھ  کر شدید افسوس ہوا ہے ، حیران ہوں کہ اس شخص کو کام پر کام مل رہا ہے۔


 

مزیدخبریں