(سٹی42) سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کو گزشتہ ہفتے کے دوران جیل میں چار بار انجائنا کی تکلیف کا انکشاف ہوا ہے۔ نواز شریف درد کش گلیسرل ٹری نائٹریٹ سپرے استعمال کر رہے ہیں۔ مریم نواز نے والد کی تشویشناک صحت کی تصدیق کر دی, انہیں آج پی آئی سی میں منتقل کیے جانے کا امکان ہے انہوں نے گزشتہ روز ہسپتال جانے سے انکار کردیا تھا۔
سابق وزیر اعظم کی صاحبزادی مریم نواز نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ ذاتی معالج کے ہمراہ ملاقات کے دوران نواز شریف کو انجائنا کا اٹیک ہوا تو میاں نواز شریف نے عارضی ریلیف کیلئے گلیسرل ٹری نائٹریٹ سپرے مانگا اور بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران چوتھا اٹیک ہوا ہے۔
مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کی صحت تشویشناک ہے لیکن حکومت علاج فراہم کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے اور انہیں ہسپتال میں رکھ کر بھی علاج فراہم نہیں کیا گیا۔
مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا کہ نواز شریف نہیں چاہتے کہ ان کو ہسپتال میں صرف دکھاوے کیلئے داخل رکھا جائے۔ نواز شریف کی خرابی صحت پر فیملی شدید اضطراب سے دوچار ہے۔
جیل میں مریم نواز اور ڈاکٹر عدنان نے سابق وزیر اعظم سے ملاقات کی، جس کے بعد ٹویٹ میں انہوں نے کہاکہ تین بار وزیراعظم رہنے والے میاں نوازشریف کو علاج کی سہولت نہیں دی جا رہی۔ انہیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ میاں نوازشریف کو علاج نہ ملا تو ان کی جان کو خطرہ ہے۔
علاوہ ازیں سابق وزیراعظم نوازشریف کا گزشتہ سہ پہر ساڑھے 4 بجے میڈیکل چیک اپ کیا گیا۔ جیل ذرائع کے مطابق میڈیکل چیک اپ کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کو ٹھیک پایا گیا۔ میاں محمد نواز شریف کی طبیعت زیادہ کھانا کھانے سے ناساز ہوئی۔