بھارتیہ جنتا پارٹی کی رکن لوک سبھا بنتے ہی اداکارہ کنگنا رناوت کو تھپڑ  کیوں پڑ گیا؟

6 Jun, 2024 | 07:42 PM

سٹی42: بھارتیہ جنتا پارٹی  کے ٹکٹ پر منگل کی شب رکن لوک سبھا بننے والی اداکارہ  کنگنا رناوت کو  منتخب ہوتے ہی ائیرپورٹ پر کانسٹیبل سے تھپڑ پڑ گیا۔اس تھپڑ کی گونج اس وقت سارے بھارت میں پھیل چکی ہے۔ اسے کنگنا  کی لوک سبھا میں انٹری پر سلامی بھی کہا جا رہا ہے۔

کنگنا رناوت نے خود یہ بات بتائی ہے کہ موہالی ائیرپورٹ پر سی آئی ایس ایف کی کانسٹیبل نے  ان کو نہ صرف برا بھلا کہا بلکہ ان کے منہ پر تھپڑ مارا۔

رکن لوک سبھا منتخب ہونے کے فوراً ہی بعد چندی گڑھ کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کنگنا رناوت کی اس "عزت افزائی" کی بنیادی وجہ کا یہ دلچسپ پس منظر  ہے کہ معزز اداکارہ- اور اب زیادہ معزز ایم پی، کنگنا رناوت نے کچھ عرصہ پہلے  پنجاب، ہریانہ کے کسانوں کے احتجاج کے دوران  یہ توہین آمیز تبصرہ کیا تھا کہ " ایسی خواتین احتجاج پر بیٹھنے کے لیے 100 روپے لیتی ہیں۔" موہالی ائیرپورٹ پر کنگنا کو تھپڑ مارنے والی خاتون کانسٹیبل  ایک کسان فیملی سے ہیں اور ان کی والدہ بھی کسان احتجاج میں شامل تھیں۔
انڈین ایکسپریس میں  شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق  اس واقعے پر بات کرتے ہوئے،  ایکٹر سے رکن لوک سبھا بن جانے والی کنگنا رناوت نے  الزام لگایا کہ سیکورٹی چیک کے دوران سی آئی ایس ایف کے عملے  کی  ایک خاتون کانسٹیبل نے انہیں "گالی دی اور چہرے پر مارا"۔  کنگنا نے یہ بھی کہا کہ وہ وزارت داخلہ میں شکایت درج کروائیں گی۔

ایک ویڈیو میں، سی آئی ایس ایف کی خاتون کانسٹیبل، کلوندر کور کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتاے کہ ان کی ماں ان لوگوں میں شامل تھیں جنہوں نے کسانوں کے احتجاج میں شرکت کی تھی جب رناوت نے ایک بیان دیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ ایسی خواتین احتجاج پر بیٹھنے کے لیے 100 روپے لیتی ہیں۔

سی آئی ایس ایف نے اپنی خاتون کانسٹیبل کو معطل کر کے محکمانہ انکوائری شروع کر دی ہے اور ان کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کرائی ہے۔

بعد میں ایک ویڈیو میں،  کنگنا رناوت نے کہا، " میں محفوظ ہوں، میں بالکل ٹھیک ہوں… جیسے ہی میں سیکیورٹی چیک کے بعد باہر آئی، دوسرے کیبن میں موجود خاتون، سی آئی ایس ایف سیکیورٹی عملہ، ایک طرف سے آئی، میرے منہ پر مارا اور مجھے گالی دینا شروع کر دیا۔ جب میں نے اس سے پوچھا کہ اس نے ایسا کیوں کیا تو اس نے کہا کہ وہ کسانوں کے احتجاج کی حمایت کرتی ہے۔" دل چسپ بات یہ ہے کہ تھپڑ کھا کر بھی کنگنا لوگوں پر بے ہودہ الزام تھوپنے سے باز نہیں آئیں، انہوں نے ایک کانسٹیبل کے تھپڑ کو لے کر یہ بیان داغ دیا ہے کہ "مجھے پنجاب میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور انتہا پسندی پر تشویش ہے۔"

اداکار ہ کنگنا سہ پہر 3 بجے وستارا   ائیر لائن کی فلائٹ سے نئی دہلی جا رہی تھی اور ان کے ساتھ ان کے خاندان کے افراد بھی تھے۔

مزیدخبریں