سٹی42: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی کی مداخلت رنگ لے آئی ، آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہوٹل جو سٹیڈیم سے 90 منٹ کی دوری پر تھا، اس کو کچھ ہی گھنٹوں میں تبدیل کر کے سٹیڈیم سے 5منٹ کی دوری والا ہوٹل دے دیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے چیئرمین محسن نقوی کی جانب سے نوٹس لیے جانے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے نیویارک میں ہوٹل کو تبدیل کر دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو نیو یارک میں 9 اور 11 جون کو دو میچز کھیلنے ہیں اور نیو یارک میں پاکستان ٹیم کو جو ہوٹل دیا گیا تھا وہ اسٹیڈیم سے 90 منٹ کی مسافت پر تھا۔اس چیز پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے سخت نوٹس لیا ، جس پر نیویارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کا ہوٹل تبدیل کر دیا گیا۔
محسن نقوی کی مداخلت پر نیویارک میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہوٹل کو تبدیل کر دیا گیا،پہلے جس ہوٹل میں ٹیم نے قیام کرنا تھا وہ اسٹیڈیم سے 90 منٹ کی ڈرائیو پر تھا تاہم تبدیل شدہ ہوٹل اسٹیڈیم سے 5 منٹ کی ڈرائیو پر ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کو نیویارک میں گراؤنڈ سے صرف 10 منٹ کی دوری پر ٹھہرایا گیا ہے جبکہ دیگر ٹیموں کے ہوٹل ایک گھنٹے سے زیادہ کی دوری پر ہیں،جنوبی افریقا اور سری لنکا پہلے ہی نیویارک میں قیام کے دوران فراہم کی جانے والی سہولتوں پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔
محسن نقوی نے آئی سی سی سے رابطہ اور عدم اطمینان کا اظہار کیا، ایونٹ کے منتظمین کو پاکستان ٹیم کا ہوٹل تبدیل کرنے پر قائل کیا،محسن نقوی نے آئی سی سی کو بتادیا کہ وہ اپنی ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے کسی بھی میچ کے لیے طویل فاصلہ طے کرنے کی اجازت نہیں دیں گے جن میں نیویارک میں 9 اور 11 جون کے میچز بھی شامل ہیں۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی پر واضح کردیا تھا کہ اگر پاکستانی ٹیم کا ہوٹل تبدیل نہ کیا گیا تو وہ پی سی بی کے خرچے پر ٹیم کو بہتر اور آسان جگہ پر منتقل کر دیں گے،محسن نقوی نے آئی سی سی کو بتایا کہ قومی کرکٹ ٹیم ان کی ذمے داری ہے اور وہ کھلاڑیوں کے آرام کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آج امریکا کیخلاف میچ کے فوراً بعد نیویارک روانہ ہو گی جہاں پر قومی ٹیم 9 جون کو بھارت اور 11 جون کو کینیڈا سے میچ کھیلے گی جبکہ اس کا پہلے راؤنڈ کا آخری میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف ہو گا۔