سٹی42: وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سرکاری اولڈ ایج ہوم "عافیت" میں مقیم 10خواتین کو پنجاب حکومت کے خرچ پر حج کے لئے بھیجنے سے پہلے ان سے ملاقات کی، مسلم لیگ نون کے صدر نوازشریف بھی ان خواتین کو ملنے کیلئے آ گئے۔
حج پر جانے والی معمر خواتین نے نواز شریف سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا تھا، انہوں نے نواز شریف کو اپنے سامنے دیکھ کر انہیں اور وزیر اعلیٰ مریم نواز کو دعائیں دیں۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی طرف سے تمام بزرگ خواتین کو احرام،سوٹ اور حج کے سفر کے لئے زاد راہ پیش کیا گیا۔
مریم نوازشریف نے کہا کہ یہ بزرگ خواتین ہماری ماؤں جیسی ہیں، انہیں سفر کے دوران کوئی تکلیف نہ ہو، اللہ نے وعدہ پورے کرنے کی توفیق دی،بہت خوشی ہے۔
نوازشریف نے کہا کہ حج پر جانے والوں سے ملنا ایک اعزاز ہے، پاکستان کیلئے دعائیں کریں، اللہ ملک کی خیر کرے۔ خواتین سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت میں خلل نہ آتا تو غربت اور بے روزگاری ختم ہو جاتی،مزدور کومعاشی طور پر اوپر اٹھائیں گے، غریب کا اچھا وقت آگیا ہے۔
ایک معمر خاتون زینت بی بی نے اس موقع پر بتایا کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ حج پر جا سکیں گی۔ آج وہ بہت خوش ہیں۔
بزرگ خواتین نے کہا کہ ہمارا کوئی سہارا نہیں تھا، اللہ تعالیٰ نے آپ کو وسیلہ بنا کر بھیج دیا، ایسا برتاؤ کیا جیسے ہماری بیٹی ہیں،اللہ ہر ماں کومریم نوازشریف جیسی بیٹی دے۔
عافیت میں رہائش پذیر 10 خواتین اور انچارج سمیرااسلم اور معاون 21روز کے لئے سعودی عرب روانہ ہورہے ہیں۔ فریدہ رحمت علی، امیر جہاں، بخت مینا، نسیم اختر، نور جہاں، عفت سلطانہ، یاسمین ملک، عابدہ سراج، زینت بی بی اور بشیراں بی بی حج کرنے والوں میں شامل ہیں۔ سینیٹر پرویز رشید، سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر مواصلات صہیب احمد ملک، ایم پی اے ثانیہ عاشق، معاون خصوصی راشد نصراللہ، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری سوشل ویلفیئر اور دیگر موجود تھے۔