ویب ڈیسک: سابق صدر آصف علی زرداری سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی، آئندہ انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آصف علی زرداری نے سینٹرل پنجاب کے ٹکٹ ہولڈرز سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ دو ماہ میں الیکشن نہیں کرا سکتے، یہ تبھی ہونگے جب میں کرواؤں گا۔
آصف زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور میں نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے،کارکن صبر کریں۔ صبر کا وہ پھل ملےگا جس کا آپ کو اندازہ ہی نہیں،سارے دکھ درد دور ہو جائیں گے۔ میں نے 14برس جیل میں معیشت پر بہت ساری کتب کا مطالعہ کیا ہے، ایسے حل دئیے جس کی وجہ سے ہمارے دور میں زر مبادلہ کے ذخائر 24ارب ڈالر ہو گئے تھے۔ انشا اللہ ملکی معیشت کو سنبھال کر زر مبادلہ کے ذخائر 100ارب ڈالر تک پہنچاؤں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فوج کا بڑا خرچ نہیں خوامخواہ اس پر پروپیگنڈہ کیا جاتا ہے۔ سیاست میں ہر چیز کو کرنےکا حل موجود ہے، جن کو سیاست نہیں آتی ، ان کے پاس حل بھی نہیں ہوتا، اسی لیے وہ ہونیوالی چیز کو بھی نہیں ہونے دیتے۔
واضح رہے کہ ملاقات میں پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری،قائم مقام صدر سنٹرل پنجاب رانا فاروق سعید،جنرل سیکرٹری سید حسن مرتضی،شہزاد سعید چیمہ ،احمد جواد فاروق رانا،فیصل میر،تسنیم قریشی،اسلم گل، جمیل منج،آصف بشیر بھاگٹ،مہر غلام فرید کاٹھیا،عمران نول اور دیگر ڈویژنل صدور و ٹکٹ ہولڈرز موجود تھے۔