ویب ڈیسک:چشتیاں سے حراست میں لی گئی دعا زہرہ اور اس کے شوہر ظہیر کو سندھ ہائیکورٹ پہنچا دیا گیا ہے اور آج ہی سماعت کی استدعا بھی منظور کر لی گئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دعا زہرہ کو لاہور سے کراچی منتقل کر کے ویمن پولیس کے حوالے کیا گیا جبکہ دعا زہرہ کے شوہر ظہیر کو اے وی سی سی کی حفاظتی تحویل میں دی گیا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ دعا زہرہ کو آج ہی عدالت میں پیش کیا جائے گا جبکہ لڑکی کے والدین بھی بیٹی کی ممکنہ پیشی کے پیش نظر عدالت پہنچ گئے۔
بعد ازاں حکومت سندھ نے دعا زہرہ کو آج ہی عدالت میں پیش کرنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے با ضابطہ طور پر رجوع کیا۔
اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سندھ کا کہنا تھا کہ دعا زہرہ کوپیش کرکے بیان ریکارڈ کرانا چاہتے ہیں، عدالت دعا زہرہ کو آج ہی پیش کرنے کی اجازت دے، جس پر عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے کیس آج ہی سماعت کے لیے منظور کر لیا۔
یاد رہے کہ اپریل میں کراچی سے لاپتہ ہونے والی دعا زہرہ کو تقریباً ڈیڑھ ماہ بعد گزشتہ روز چشتیاں سے بازیاب کروایا گیا تھا، دعا زہرہ اور اس کے شوہر ظہیر کو لاہور کی سی آئی اے پولیس نے ایک وکیل کے گھر سے حراست میں لیا تھا۔
سندھ ہائیکورٹ نے دعا زہرہ کو بازیاب کروا کے 10 جون کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔