(مانیٹرنگ ڈیسک) طلبا کیلئے بڑی خوشخبری آگئی، وفاقی سرکاری تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم پہلی سے چوتھی، چھٹی ساتویں کلاس کے بچوں کو بغیر امتحان اگلی کلاسز میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے گزشتہ سال کے نتائج کی بنیاد پر وفاقی تعلیمی اداروں کے پہلی سے چوتھی اور چھٹی ساتویں جماعت کے طلبا کو بغیر پاس کرنے کا فیصلہ کرلیا، جب کہ پانچویں اور آٹھویں کے طلبا کے امتحانات لیے جائیں گے، ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات نے پانچویں اور آٹھویں کے امتحانات لازمی لینے کی سمری بھجوائی ہے، پانچویں اور آٹھویں کے سنڑلائزڈ امتحانات کا شیڈول وفاقی نظامت تعلیمات جاری کرے گا۔
واضح رہےکہ گزشتہ سال پہلی سے آٹھویں تک کے بچوں کو بغیر امتحان پروموٹ نہیں کیا گیا تھا، گزشتہ سال 90 فیصد طلبا کے امتحانات ہوئے تھے اور بچوں کو نتائج کی بنیاد پر پاس کیا گیا تھا۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے کورونا کیسز میں کمی آنے پر 7 جون بروز پیر سے تمام سرکاری اور نجی سکول کھولنے کا اعلان کردیا، سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے بھر کے نجی و سرکاری سکولوں میں پہلی سے نویں جماعت تک کی کلاسز 50 فیصد حاضری کے ساتھ ہوں گی، سکولز ایس او پیز کے ساتھ کھولے جائیں گے، کوئی طالب علم لگا تار 2 دن سکول نہیں آئے گا۔