گلبرگ (اکمل سومرو) لاہور سمیت صوبے بھر کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں یکساں گریڈنگ سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ، یکساں گریڈنگ سسٹم کے نفاذ سے یونیورسٹیوں کے طلبا کی ڈگریوں کے مساویت کے مسائل ختم ہو جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق لاہور سمیت صوبے کی تمام سرکاری یونیورسٹیوں میں یکساں گریڈنگ سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں یونیورسٹیوں میں سمسٹر سسٹم کے گریڈنگ سسٹم کو یکساں کرنے کیلئے ورکنگ پیپر بھی تیار کرلیا گیا، پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن سرکاری یونیورسٹیوں میں گریڈنگ سسٹم کا نفاذ کرے گی، ایگزامینیشن سسٹم کو آٹو میشن پر منتقل کرنے کیلئے خصوصی سسٹم تشکیل دیا جائے گا جبکہ طلبا کے پرچوں کی چیکنگ کے نظام میں بھی بہتری لائی جائے گی، یکساں گریڈنگ سسٹم تشکیل دینے سے طلبا کو جاری ہونے والی ڈگریوں میں مساویت ہوگی۔
اس ضمن میں پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے تحت یونیورسٹیوں کے کنٹرولر امتحانات کی ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا، تین روزہ ورکشاپ میں چیئرپرسن پی ایچ ای سی ڈاکٹر فضل احمد خالد سمیت مختلف یونیورسٹیوں کے کنٹرولر امتحانات شریک ہوئے ہیں جبکہ مختلف پینلز مین یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز بھی شریک ہوئے ہیں۔ قاسم علی شاہ فاؤنڈیشن کے عہدیداروں نے بھی ورکشاپ میں شرکت کی۔ ورکنگ پیپر کی منظوری کے بعد یکساں گریڈنگ سسٹم کا نفاذ کیا جائے گا۔