(فہد بھٹی)برکت مارکیٹ کے علاقہ میں ٹریفک حادثہ اور گاڑی کو آگ لگنے کا معاملے کی حقیقت سامنے آ گئی،واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکار کو گاڑی تلے کچلنے والا ملزم حمزہ جاوید واقعے سے قبل ہوٹل میں حساس ادارے کا افسر بن کر کمرے کا مطالبہ کرتا رہا تھا۔ ایف آئی آر کے متن کے مطابق ہوٹل مینیجر کے ساتھ تلخ کلامی پر ہوٹل انتظامیہ نے پولیس کو کال کی جس پردو پولیس اہلکار ہوٹل میں گئے اور ملزم کو دھر لیا،ملزم کو اسکی گاڑی سمیت تھانے لیجایا جا رہا تھا کہ ملزم نے گاڑی بھگا دی۔
ملزم نے گاڑی میں ساتھ بیٹھے اہلکار کو دھمکایا، اغوا کی کوشش کی اور گاڑی بھگا دی، دوسرے اہلکار نے جب گاڑی کا تعاقب کیا اور ملزم کو روکنے کی کوشش کی تو ملزم نے اس پر گاڑی چڑھا دی،بعد ازاں ملزم کی گاڑی کو آگ لگ گئی۔ پولیس کے مطابق حادثہ میں ایک شہری سمیت تین افراد زخمی ہوئے تھے۔ایف آئی آر اقدام قتل، اغوا اور دیگر دفعات کے تحت درج کی گئی واضح رہے کہ ملزم کو تھانہ گارڈن ٹاون پولیس نے موقع سے حراست میں لے لیا تھا۔