ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس کے ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق

6 Jun, 2020 | 10:29 PM

Arslan Sheikh

( ملک اشرف ) ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس کے پانچ ملازمین کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، متاثرہ ملازمین کو گھروں میں قرنطینہ ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب چوہدری جواد یعقوب کی سربراہی میں ملازمین کے کورونا ٹیسٹ کروائے گئے۔ ذرائع کے مطابق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس کے 64 ملازمین میں سے 5 کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔ کورونا وائرس کا شکار ہونے والوں میں عتیق، سعید، طارق، راشد یونس اور بلال افضل شامل ہیں۔

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب جواد یعقوب نے لاء افسران اور ملازمین کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی تلقین کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاء افسران اور سٹاف دوران ڈیوٹی ماسک پہنے، ہینڈ سینی ٹائزر کا استعمال کریں، سماجی فاصلے کا خیال رکھنے سمیت حکومتی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے۔

لاہورسمیت دنیا بھر میں کورونا وائرس کےوار جاری ہیں،دوسرے محکموں کی طرح اب عدالتوں سےوابستہ افراد بھی کورونا کا شکار ہونےلگے۔  ایڈووکیٹ لاہور ہائیکورٹ ملک احمد علی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے، مرحوم کی عمر 45 سال تھی۔ ملک احمد علی ایڈووکیٹ کا کچھ روز قبل طبیعت ناساز ہونے پر کورونا ٹیسٹ کروایا گیا تو رپورٹ مثبت آگئی۔

ملک احمد علی کو میو ہسپتال میں داخل کیا گیا جہاں وہ کورونا وارڈ میں زیر علاج تھے۔ ملک احمد علی ایڈووکیٹ کورونا وائرس سے جنگ لڑتے لڑتے زندگی کی بازی ہار گئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ تاج پورہ سکیم میں ادا کی گئی۔

یاد رہے اس سے قبل گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے گریڈ سترہ کے افسر اصغر شاہین بھی کورونا وائرس سے انتقال کر چکے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ کے ایڈیشنل رجسٹرارجوڈیشل عمران صفدر بھی کورونا کا شکار ہوچکےہیں اور مقامی ہسپتال میں علاج کرارہےہیں۔

مزیدخبریں