( عثمان علیم ) ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کورونا حفاظتی ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 140 دکانیں سیل جبکہ 84 ہزار کے جرمانے عائد کیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سلیم نے تحصیل کینٹ میں 60 دکانوں کو سیل جبکہ 40 ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے تحصیل سٹی میں 67 دکانوں کو سیل کر دیا جبکہ 30 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے تحصیل ماڈل ٹاؤن میں 13 دکانوں کو سیل کرکے 14 ہزار روپے کا جرمانہ کیا۔ ڈی سی لاہور دانش افضال نے کہا ہے کہ مجموعی طور پر 140 دکانوں کو سیل کیا گیا اور 84 ہزار روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ دکانوں کو سیل اور جرمانہ ایس اوپیز پر عملدرآمد نہ کرنے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو دکاندار ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں کر رہے ان کی دکانوں کو سیل کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں، ایس اوپیز پر عملدرآمد کروانے کے لئے مارکیٹوں کے دورے کر رہی ہیں۔
اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے 02 واٹر پارکس سیٹھ واٹر لینڈ اور صدف واٹر لینڈ کو سیل کردیا۔ دونوں پارکس فعال تھے لیکن ایس اوپیز پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا تھا جبکہ 05 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔