(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی جریدے فوربز نے سب سے زیادہ پیسے کمانے والی 100 معروف شخصیات کی فہرست جاری کردی جس میں پاکستان کی کوئی معروف شخصیت شامل نہیں اور بھارت کا صرف ایک اداکار جگہ بناسکا ہے۔
امریکی جریدے نے سال 2020 میں معروف شخصیات (کھلاڑی، اداکار، گلوکار، ماڈلز وغیرہ) کی آمدنی کی فہرست جاری کردی جس میں سب سے زیادہ آمدنی حاصل کرنے والی 100 معروف شخصیات کا تذکرہ کیا گیا ہے، امریکی ریئلٹی ٹی وی اسٹار کائلی جینر سرفہرست ہیں، 22 سالہ کائلی جینر نے 12 ماہ میں 59 کروڑ ڈالر کمائے۔
دوسرے نمبر پر امریکی گلوکار کانیے ویسٹ رہے جن کی آمدنی 17 کروڑ ڈالر رہی۔ تیسری چوتھی اور پانچویں پوزیشن اسپورٹس شخصیات کے نام رہیں، سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر تیسرے، فٹ باؤلر رونالڈو چوتھے اور میسی پانچویں نمبر پر رہے۔اس فہرست میں کوئی پاکستانی سیلیبرٹی شامل نہیں اور بھارت سے صرف اداکار اکشے کمار اس فہرست میں جگہ بنا سکے ہیں۔
فوربز کے مطابق بھارتی اداکار اکشے کمار کی آمدنی 4 کروڑ 85 لاکھ ڈالرز رہی جو کہ گزشتہ برس 6 کروڑ 50 لاکھ ڈالر تھی, حیران کن طور پر چینی سپر اسٹار جیکی چن، ہولی وڈ اداکارہ و گلوکارہ جینیفر لوپیاز، گلوکارہ ریانا، ادکار ول سمتھ، ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ، ٹریوس اسکاٹ اور اوپرا ونفرے بھی کمائی میں ان سے پیچھے رہے۔
فوربز کی 2020 کی فہرست میں ٹیلر سوئفٹ سب سے زیادہ کمانے کے حوالے سے 25 ویں نمبر پر اور کایلی جینر کی سوتیلی بہن اور معروف ٹی وی اسٹار کم کارڈیشن کمائی کرنے کے حوالے سے 48 ویں نمبر پر ہے ۔
فوربز کا کہنا ہے کہ ان 100 شخصیات کی مجموعی آمدنی 6.1 ارب ڈالر رہی جو گزشتہ برس کی نسبت 20 کروڑ ڈالر کم ہے اور اس کی وجہ کورونا وبا ہے۔
واضح رہے کہ 30 مئی کو فوربز نے امریکہ سے تعلق رکھنے والی خوبرو ٹی وی سٹار اور کاروباری شخصیت کائیلی جینر کو اپنی ارب پتی افراد کی فہرست سے نکال دیا تھا،میگزین کے مطابق کایلی جینر نے ارب پتی بننے سے متعلق حقائق کو خفیہ رکھا، میگزین نے انہیں 2019 میں دنیا کی کم عمر ارب پتی قرار دیا تھا۔