سروسز ہسپتال میں ادویات کی چوری پکڑی گئی

6 Jun, 2020 | 01:04 PM

M .SAJID .KHAN

(بسام سلطان)شہر کے مشہور سروسز ہسپتال میں ادویات کی چوری پکڑی گئی،کروڑوں کی ادویات چوری ہونے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

تفصیلات کے مطابق میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال ڈاکٹر افتخار نے ادویات کی چوری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ادویات ہسپتال کے میڈیکل سٹور سے لے جانے کی کوشش کی گئی۔ایم ایس سروسز ہسپتال کا کہنا ہے کہ جو ادویات چوری کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی ان میں امراض قلب، بلڈ پریشر، شوگر، کینسر اور مختلف امراض کی دوائیاں شامل ہیں۔

ایم ایس سروسز ہسپتال نے بتایا کہ صبح 6 بجے ہسپتال کا سٹور کھلا دیکھنے پر گارڈ نے پولیس کوبلایا پولیس نے فوراً ایکشن لیتے ہوئے ملزمان کوگرفتار کرلیا،حراست میں لئے گئے ملزمان سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ادویات ایک گاڑی میں ڈال کر لیجانے کی کوشش کی گئی۔

گزشتہ روزسروسز ہسپتال سے لاکھوں روپے کی ادویات چوری کر کے بازار میں فروخت کرنے والا گینگ پکڑا گیاتھا۔ سروسز ہسپتال انتظامیہ کی چوروں کے خلاف کارروائی شروع ہے، انتظامیہ ذرائع نے بتایا کہ ادویات چوری کرنے والے تینوں چور سروسز ہسپتال کے ملازمین ہیں۔ ملزمان عرصہ دراز سے لاکھوں روپے کی ادویات چوری کر چکے ہیں، ملزمان کی ریکی کرنے کے بعد رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔

ذرائع کا کہناتھا کہ ہسپتال سے ادویات چوری کا واقعہ اس سے قبل بھی پیش آچکاہے،ہسپتال کے7افراد ادویات چوری میں ملوث قرارپا ئے گئے تھے،سپشل برانچ کی رپورٹ کے مطابق فارمسسٹ جمیلہ بی بی جو کہ ہیڈ آف میڈیکل ایمرجنسی فارمیسی ہے ادویات کی چوری میں ملوث پائی گئی ہے، اسکے علاوہ امجد اقبال جو جمیلہ بی بی کا قریبی رشتے دار ہے اور سٹور کیپر کی حیثیت سے کام کررہا تھا لیکن جمیلہ بی بی کے اثرو رسوخ کی بنا پر اہم ذمہ داری پر تعینات کردیا گیا وہ بھی ادویات کی چوری میں ملوث پایا گیا ہے۔

ثمینہ یاسمین جو چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کے عہدے پر کام کررہی وہ بھی اس چوری میں ملوث  تھیں ،وارڈ بوائےارشد محمود بھی ادویات چوری میں ملوث تھا۔

مزیدخبریں