ہوائی فائرنگ اور دھاتی ڈور سے اموات میں اضافہ

6 Jun, 2020 | 09:47 AM

Sughra Afzal

لوئر مال (علی ساہی) شہر میں ہوائی فائرنگ اور دھاتی ڈور سے اموات کے واقعات میں اضافہ، آئی جی پنجاب کا پٹرولنگ فورسز ڈولفن اور پیروکی کارکردگی پرتعجب کا اظہار، لاہور پولیس کی قیادت نے ڈولفن اور پیرو کو ڈیکوریشن کے طور پر پیش کرنے کی بجائے مؤثر پٹرولنگ کرا کر ایسے واقعات پر قابو پانے کا حکم دے دیا۔

آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے شہریوں کی مال وجان کی حفاظت کے لیے پٹرولنگ فورسز سے مؤثر کام لینے کے احکامات جاری کیے ہیں، شہر میں ہوائی فائرنگ کے بڑھتے ہوئے کیسز اور دھاتی ڈور سے اموات پر آئی جی پنجاب نے تعجب کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈولفن، پیروفورس صرف ڈیکوریشن پیس بن کر رہ گئی ہے، لاہور پولیس کے پاس سب سے زیادہ وسائل موجود ہیں لیکن اسکے باوجود  ناخوشگوار واقعات بڑھ رہے ہیں، جس کی بنیادی وجہ ڈولفن وپیروفورس کی پٹرولنگ مؤثر نہیں اور زیادہ تر کارکردگی کاغذوں کی حد تک ہے۔

سی سی پی او لاہور کوپٹرولنگ بہتر بنانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے آئی جی پنجاب نے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ، پتنگ بازی، ڈکیتیوں کی وارداتوں پر قابو پایا جائے، جبکہ سیف سٹیز اتھارٹی کے کیمروں سے بھی بہترین کام لیا جائے۔

حکومتی پابندی کے باوجود لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل جاری ہے، یہ خونی کھیل جہاں ہماری ثقافت، معاشرتی استحکام اور اسلامی اخلاقیات کو بگاڑنے کا سبب بن رہا ہے.افسوسناک امر یہ ہے کہ پتنگ کی دھاتی ڈور سے کٹ کر جاں بحق ہونے والے افراد کی اکثریت ان لوگوں کی ہے جو نہ پتنگ اڑاتے ہیں اور نہ ہی ان کا مقصد پتنگ لوٹنا ہوتا ہے۔

پتنگ بازی کا خونی کھیل اب تک کئی زندگیوں کے چراغ گل کر چکا ہے، کچھ روز قبل لاہور میں گلے پر ڈور پھرنے سے 3 افراد زخمی جبکہ ایک شخص موت کے منہ میں چلا گیا، رواں سال گلے پر ڈور پھرنے سے ڈولفن اہلکار بھی جاں بحق ہوا۔

مزیدخبریں