جنیدریاض: ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سرکاری سکولوں میں مفت کتابوں کی تقسیم کے لئے شیڈول جاری کردیا، سکولوں میں کتابوں کی تقسیم کا عمل 8 جون سے شروع ہوگا،ہفتہ میں صرف دو دن بچوں کو کتابوں کی فراہمی کے لئے بلایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ایجوکیشن اتھارٹی لاہور نے سرکاری سکولوں میں مفت کتابوں کی تقسیم کے لئے شیڈول جاری کردیا۔ 8جون کو دہم جماعت اور 9 جون کو نہم جماعت کو کتابیں تقسیم کی جائیں گی۔ اسی طرح 15 جون کو آٹھویں جماعت اور 16 جون کو ساتویں جماعت کو کتابیں دی جائیں گی۔
22 جون کو چھٹی جماعت اور 23 جون کو پانچویں جماعت کو کتابیں ملیں گی۔ 29 جون کو چوتھی اور 30 جون کو تیسری جماعت کو کتابیں تقسیم ہوں گی، 9 جولائی کو دوسری اور 10 جولائی کو پہلی جماعت کو کتابیں دی جائیں گی۔ کتابیں ایک روز قبل کلاس انچارج کو دی جائیں گی۔ سکولوں میں کتابوں کی تقسیم کے وقت کورونا ایس او پیز کا خاص خیال رکھا جائے گا۔
یاد رہے کہ سرکاری سکولوں میں کتابوں کی تقسیم کا عمل 15 اپریل سے شروع ہونا تھا لیکن کورونا کی وجہ سے تقسیم کا عمل شروع نا ہوسکا ، کورونا وائرس کےخدشات کے پیش نظر نئے سیشن کے لئےشہر کےتمام سرکاری سکولوں کو کتابوں کی تقسیم روک دی گئی تھی۔
دوسری جانب یو ایچ ایس نے پرائیویٹ میڈیکل کالجزکے 20 فیصد مستحق طلبہ کو اینڈرائیڈ ٹیبلٹس دینے کا فیصلہ کرلیا، وی سی یو ایچ ایس نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی نے کورونا کے علاج کے لئے سینتھیٹک اینٹی باڈیز کی تیاری شروع کردی ہے اور مزید تحقیق کی جا رہی ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وی سی یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ اقدام کا مقصد ای لرننگ کے ذریعے کلاسز منعقد کرنا ہے تاکہ اس ماحول میاں طلبہ کا وقت ضائع نا کیا جائے۔