پی آئی اے کی سپیشل عاشورہ فلائٹس آج اتوار سے شروع ہوں گی

6 Jul, 2024 | 10:09 PM

سٹی42:   پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے محرم کے پہلے عشرہ میں نجف، عراق  جانے والے زائرین کے لئے عاشورہ کی خصوصی پروازیں شروع کی ہیں۔

نجف  اور کربلا میں امام علی علیہ السلام اور امام حسین علیہ السلام کے مزار محرم کے ابتدائی دس دنوں میں خصوصاً  عاشورہ کے دن لاکھوں زائرین کو اپنی طرف متوجہ کرتے ہیں کیونکہ عاشورہ شیعہ مسلمانوں کے لیے کربلا کے سانحہ کی یاد، ماتم اور ماتمی جلوسوں،  دعاؤں اور  دیگر رسومات کے حوالے سے سال کا خاص ترین وقت ہوتا ہے۔ اور اس میں خاص طور پر عراق میں زائرین کے بڑے اجتماعات ہوتے ہیں۔ 


پی آئی اے کا عاشورہ سپیشل فلائٹس آپریشن 7 جولائی کو نجف کے لیے طے شدہ پرواز کے ساتھ شروع ہو  گا۔ اس کے بعد 11 جولائی کو ایک اور فلائٹ زائرین کو لے کر جائے گی۔ 

نجف سے پاکستان واپس آنے والے زائرین کیلئے  پروازیں 20 جولائی سے شروع ہوں گی۔   اضافی پروازیں 21 جولائی اور 25 جولائی کو شیڈول ہیں۔

قومی پرچم بردار کمپنی نے ان پروازوں کو ’عاشورہ اسپیشل فلائٹس‘ کے نام سے موسوم کیا  ہے جو اس مذہبی اجتماع کے دوران زائرین کی زیارت کئلئے سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کو ظاہر کرتا ہے۔ 

پی آئی اے حکام نے اس بات کو بھی یقینی بنایا ہے کہ عراق جانے والی ان خصوصی پروازوں میں زائرین کے لیے بغیر کسی رکاوٹ کے سفر کے تجربے کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری تیاریاں بروقت مکمل ہوں اور زائرینگ کو مقامی ائیرپورٹس پر کسی تاخیر کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

مزیدخبریں