پروٹیکٹڈ کنزیومرز کے بجلی بِل میں زائد یونٹس شامل کرنیوالوں کیخلاف کارروائی کا حکم

6 Jul, 2024 | 09:31 PM

اویس کیانی : وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بجلی صارفین کے بِلوں میں زائد یونٹس شامل کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ۔ 

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت بجلی شعبے کی اصلاحات اور ملک میں شمسی توانائی کے حوالے سے اعلی سطحی اجلاس ہوا۔ جس میں شہباز شریف نے بجلی صارفین کے بِلوں میں زائد یونٹس شامل کرنے والے افسران و اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا، ساتھ ہی  پاور ڈویژن کو تقسیم کار کمپنیوں کے ایسے اہلکاروں و افسران کو فوری معطل کرنے اور ان کے خلاف ایف آئی اے کو تحقیقات کرنے کی ہدایت کی ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مصنوعی طور پر بجلی کے زائد یونٹس بِل میں شامل کرکے صارفین پر ظلم کرنے والے عوام دشمن افسران و اہلکاروں کو قرار واقعی سزا دی جائے.200 یونٹس سے نیچے تحفظ شدہ صارفین کے بِلوں میں مصنوعی طور پر زائد یونٹس شامل  کرکے غیر تحفظ شدہ درجے میں شامل کرنے والے اہلکاروں و افسران کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائے.

اجلاس میں وزیرِ اعظم نے ملک میں قابلِ تجدید ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کے حوالے سے اقدامات میں تیزی لانے کی ہدایت کی، کہا کہ پاکستان درآمدی ایندھن سے بجلی بنانے کا مزید متحمل نہیں ہو سکتا. ماضی میں کئے گئے غلط پالیسی اقدامات کا بوجھ غریب عوام کو قطعاً برداشت نہیں کرنے دوں گا۔ کم لاگت قابلِ تجدید ذرائع سے بجلی کی پیداوار سے صارفین کو بِلوں میں ریلیف ملے گا.

وزیرِ اعظم نے پاور ڈویژن کو ہدایت کی کہ ملک میں درآمدی ایندھن سے مہنگی بجلی پیدا کرنے والے اور ناکارہ سرکاری کارخانوں کو فوری طور پر بند کیا جائے. پوری دنیا قابلِ تجدید توانائی سے بجلی پیدا کر رہی ہے. پاکستان میں شمسی ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کی وسیع استعداد موجود ہے، شمسی توانائی کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں. 

اجلاس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرَ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء جام کمال خان، سردار اویس خان لغاری، احسن اقبال، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ مملکت علی پرویز ملک اور متعلقہ اعلی حکام نے  شرکت کی.

مزیدخبریں