روزینہ علی : آج رات موسم کی صورتحال کے حوالے سے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اورشمال مشرقی بلوچستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران مشرقی، جنوبی پنجاب اورشمال مشرقی بلوچستان میں چند مقاما ت پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات اورکل تیز موسلا دھار بارش سے کشمیر، شمال مشرقی بلوچستان اورڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال اور طغیانی کا خطرہ ہے، جبکہ خطہ پوٹھوہار، لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، فیصل آباد میں اربن فلڈ نگ کا خدشہ ہے۔ شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے۔
اتوار کے روز موسم کی صورتحال
اتوار کے روز موسم کی صورتحال کے متعلق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابرآلودرہنے کے علاوہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے، اس دوران بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی متوقع ہے ۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں بالاکوٹ، مانسہرہ ، ایبٹ آباد، بونیر، مالاکنڈ، چترال، دیر،سوات، شانگلہ ، بٹگرام، ہری پور، صوابی،مردان، نوشہرہ، پشاور، کوہاٹ، ہنگو، کرک، ٹانک، خیبر، مہمند، باجوڑ،کرم ، لکی مروت، وزیرستان، بنوں اورڈیرہ اسماعیل خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی علاقوں میں چند مقاما ت پرموسلادھار بارش بھی متوقع ہے ۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف حصوں مری، گلیات، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، گجرات، گوجرانوالہ، نارووال، سیالکوٹ، لاہور، لیہ، بھکر، تونسہ، راجن پور، ڈی جی خان، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، خانیوال، بہاولنگر اوربہاولپور میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ تاہم ژوب، بارکھان، کوہلو، شیرانی، موسیٰ خیل، لورالائی، خضدار، آواران، لسبیلہ اور گردونواح میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقاما ت پرموسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ قمبر شہداد کوٹ، لاڑکانہ، سکھر، جیکب آباد، دادو، کشموراور ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ اس کے علاوہ کشمیر اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔