وسیم احمد : نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے بورڈ روم میں منعقدہ اجلاس میں مالی برس25۔ 2024 کے بجٹ تخمینہ جات کی منظوری دے دی گئی ۔
چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیر صدارت پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا 72 واں اجلاس ہوا۔ ڈویلپمنٹ بجٹ سے قذافی سٹیڈیم، نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ کے لیے 12 ارب 80 کروڑ روپے مختص کیے گئے۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے 4 ارب 50 کروڑ روپے کے فنڈز رکھے کئے۔ پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے 12 گراونڈز کی خود دیکھ بھال کرے گا۔ پاکستان بھر میں 100 گراؤنڈز کے عملے اور دیکھ بھال کے لئے فنڈز بھی پی سی بی دے گا ۔ اجلاس میں ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے کھلاڑیوں کے کنٹریکٹ میں اضافے کی منظوری دی گئی۔
چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ڈومیسٹک و وویمن کرکٹ کو مضبوط بنانے کے لئے کئے گئےاقدامات کے بارے آگاہ کیا۔ وویمن کرکٹ کا بجٹ پہلی بار 70 لاکھ روپے سے بڑھا کر 2 کروڑ 40 لاکھ روپے کر دیا گیا ۔وویمن کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ میں اضافے کی منظوری بھی دی گئی ۔ سیکرٹری بورڈ و چیف آپریٹنگ آفیسر پی سی بی سلمان نصیر اور چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی نے بجٹ کے اہم خدوخال اور دیگر امورکے بارے میں بریفنگ دی ۔
اجلاس میں اگلے برس پاکستان میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے بارے بریفنگ دی گئی۔ بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں قذافی سٹیڈیم ، نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی اور راولپنڈی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر بھی بریف کیا گیا ۔
محسن نقوی نے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن کا کام مکمل کیا جائے گا۔ سٹیڈیمز کی اپ گریڈیشن سے شائقین کرکٹ کے لئے سہولتیں بہتر ہوں گی۔ چیمپئنز ٹرافی کے لئے انٹرنیشنل معیار کے مطابق انتظامات کئے جائیں گے۔ٹورنامنٹس اور میچوں کے نئے وینیوز پر کام کر رہے ہیں۔
بورڈ آف گورنرز کے ممبران چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، سجاد علی کھوکھر،ظفر اللہ، تنویر احمد، طارق سرور، ڈاکٹر انوار احمد خان، محمداسماعیل قریشی، معراج محمود، اسآمہ اظہر اور ڈائریکٹر ڈومیسٹک کرکٹ عبداللہ خرم نیازی نے اجلاس میں شرکت کی۔